احمر بلال صوفی ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے نئے صدر منتخب

احمر بلال صوفی ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے نئے صدر منتخب

لاہور(خبر نگار) ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سپریم کورٹ کے ممتاز ایڈووکیٹ اور بین الاقوامی قوانین کے ماہر احمر بلال صوفی کو ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا نیا صدر منتخب کر لیا۔ احمر بلال صوفی نے خالد محمود سے چارج سنبھالا، جو جون 2011 سے اپریل 2015 تک ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے صدر رہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان نے خالد محمود کا ان کی ان تھک کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ خالد محمود نے اس امید کا اظہار کیا کہ ادارہ احمر بلال صوفی کی ویژن، تجربہ اور مثبت سوچ سے مستفید ہو گا۔ احمر بلال صوفی پیشے سے وکیل ہیں، انہوں نے یونیورسٹی آف کیمبرج برطانیہ سے انٹرنیشنل لاء میں ایل ایل ایم کیا ہے۔ آپ ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لاء کے بانی ہیں۔ احمر بلال صوفی2013 کی عبوری حکومت میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، پارلیمنٹری افیئرز اور انسانی حقوق رہے اور اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں ممبر ایڈوائزری کمیٹی منتخب ہوئے۔ آپ او آئی سی کے Eminent Persons Council کے پینل پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ احمر بلال صوفی ایک دہائی سے زیادہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ منسلک ہیں اور دو مرتبہ اس کے بورڈ میں بھی رہے ہیں۔ آپ اور آپ کی لاء فرم نے بہت سے ماحولیاتی مسائل کے کیسز سلجھائے اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں نمائندگی بھی کی جس میں نیو مری کیس، مری فارسٹ کیس، چُنبی سُر لا وائلڈ لائف سینکچوری اور دیگر معاملات شامل ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1