باردانہ کی تقسیم غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائے، منظور وٹو

باردانہ کی تقسیم غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائے، منظور وٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر، میاں منظور احمد وٹو نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باردانے کی تقسیم غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائے کیونکہ اِس وقت حکمران جماعت کے ممبران اسمبلی اِسکی تقسیم میں بری طرح مداخلت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو باردانہ بچ جاتا ہے وہ گندم کی خریداری کے مراکز میں سرکاری ملازمین کی کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے اور غریب کاشتکار در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب گندم کی چوتھی فصل ہے جس میں کاشتکار مسلسل نقصان میں جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاول، مکئی، آلو اور گنے کے کاشتکار حکومتی کسان دشمن پالیسی کی بدولت پہلے ہی معاشی طور پر تباہ ہو گئے ہیں کیونکہ کاشتکاری پر اٹھنے والے اخراجات پورے نہیں ہو رہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقتاً حکومت کاشتکاروں کے مسائل سمجھنے سے عاری ہے اور اسکے ملکی معیشت پر ہونے والے منفی اثرات کا بھی ادراک نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسان اور مزدور خوشحال ہو گا تو بازار سے خریداری کرے گا اور اسطرح معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے گا اور اگر اسکی جیب خالی ہو گی تو پھر وہ خریداری نہیں کر سکتا جس سے معیشت کا پہیہ الٹا چلنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور معیشت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت چھوٹے دکانداروں کا کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -