45 بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کرکے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیاگیا

45 بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کرکے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیاگیا

لاہور(نامہ نگار خصوصی ) عدالتی بیلف نے سیالکوٹ کے علاقے میں بھٹہ مالک کی جانب سے قید میں رکھے گئے 45مزدوروں کو بازیاب کرکے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردیا،عدالت نے خاتون کی درخواست نمٹاتے ہوئے تمام بھٹہ مزدوروں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔جسٹس عبدالسمیع خان نے کوثربی بی کی طرف سے دائر 45مزدوروں کی بازیابی کی درخواست پرسماعت کی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس اسٹیشن موترہ ضلع سیالکوٹ کے علاقے میں بھٹہ مالک ذوالفقار نے ان کے خاندان کے 45افراد کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔حبس بے جا میں رکھے گئے بھٹہ مزدوروں میں خواتین،مرد اور بچے شامل ہیں۔درخواست گزار خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ بھٹہ مالک ذوالفقار کی غیرقانونی حراست سے بازیاب کرایاجائے، عدالتی حکم پر بیلف نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 45بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کروا کر ہائیکورٹ میں پیش کیا،عدالت نے تمام افراد کو بھٹہ مزدوروں کے چنگل سے آزاد کرانے کا حکم دیتے ہوئے خاتون کوثر بی بی کی جانب سے دائر درخواست نمٹا دی۔

مزید : علاقائی