پاکستان میں ونڈ انرجی کے ذریعے 1000میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، ڈینش سفیر

پاکستان میں ونڈ انرجی کے ذریعے 1000میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، ڈینش سفیر

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کیلئے سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے تاہم ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ڈنمارک کی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت پاکستان کی مکمل سپورٹ کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈنمارک کے سفیر نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی فوج اور عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں بے شمار جانی و مالی قربانیاں دی ہیں جن کو ڈنمارک کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ڈنمارک پاکستان کو توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے ٹیکنالوجی دینے کیلئے تیار ہے۔پاکستان کو چاہئے کہ وہ متبادل توانائی کے ذرائع استعمال کرے کیونکہ پاکستان میں ونڈ انرجی کے ذریعے 1000میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے اس سلسلے میں ڈینش کمپنیوں کا پنجاب حکومت کے ساتھ ونڈ انرجی پیدا کرنے کیلئے حال ہی میں ایک ایم او یوز طے پایا ہے ۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف پنجاب میں صحت،تعلیم،پینے کا صاف پانی اور توانائی کے نئے منصوبے لگانے میں بہت زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ڈنمارک پاکستان میں 50ملین ڈالر کی لاگت سے خیبر پختونخواہ،بلوچستان اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں غریب بچوں کیلئے مفت پرائمری تعلیم سمیت بے سہارا خواتین کیلئے دارالامان کے قیام کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور حال ہی میں محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کو 35دارالامان سپرد کئے گئے ہیں تاکہ خواتین کو تحفظ حاصل ہو ۔ڈنمارک کے سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں زراعت،لائیو سٹاک اور ڈیریز ڈویلپمنٹ کے شعبوں کو ترقی دینے کی ضرورت ہے جس کے لئے ڈنمارک کی کمپنیاں ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی 20کروڑ کے قریب ہے لیکن جدید ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی زراعت سے فائدہ نہیں اٹھارہا جبکہ ڈنمارک کی آبادی صرف 56لاکھ ہے لیکن وہ 20ملین لوگوں کی خوراک کی ضرورت پوری کر رہا ہے ۔ڈنمارک کے سفیر نے بتایا کہ کسی دور میں ڈنمارک بھی توانائی کے بحران کا شکار تھا لیکن توانائی کے متبادل ذرائع اپنانے اور ونڈ انرجی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے سے توانائی کے بحران پر قابو پا لیا اور اس وقت ڈنمارک میں 40فیصد سے زائد بجلی ونڈ انرجی کے ذریعے حاصل کی جا رہی ہے ۔ہماری ونڈ انرجی کی ٹیکنالوجی پوری دنیا میں اپنی کوالٹی کی وجہ سے مشہور ہے ہم اپنی یہ ٹیکنالوجی پاکستان کو دینے کیلئے تیار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ڈنمارک نے پاکستان میں سوشل سیکٹر میں مختلف منصوبے شروع کر رکھے ہیں ۔پاکستانی یوتھ پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلے اور جرنلسٹ سپورٹ پروگرام بھی بڑی کامیابی سے چل رہے ہیں۔پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ملکوں کے کاروباری افراد کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ڈینش سفیر

مزید : صفحہ آخر