پشاور، جاں بحق ہونے والوں کی نمازجنازہ، آ بائی قبرستانوں میں تدفین
پشاور(خصو صی رپورٹ،اے این این)پشاور میں طوفانی بارشوں میں جاں بحق ہونے والوں ک مختلف علاقوں میں نمازجنازہ اداکی گئی اور مختلف قبرستانوں میں تدفین کی گئی۔ نماز جنازہ میں کسی حکومتی عہدیدار نے شرکت نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق پشاورسمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارش سے ہلاکتوں کے باعث صوبے میں سوگ کی فضاء ہے جبکہ تیزہواؤں اوربارش میں پیش آنے والے واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کوان کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیاگیاہے۔ پشاور کے نواحی علاقے واحد گڑھی میں طوفانی بارش نے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد موت کی گہری وادی میں اتر گئے ، مرنے والوں میں ماں اور اس کے چار لخت جگر بھی شامل ہیں ۔جاں بحق ہونے والوں کو آنسوں آہوں اور سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ایک ساتھ سات جنازے اٹھے تو علاقے میں کہرام مچ گیا ، ہر آنکھ اشکبار ہوگئی اور پورے علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی ۔ پشاور کے ہی ایک اور نواحی علاقہ پخہ گلام میں مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے تین بھائیوں اور ایک ہمشیر ہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی ، ایک ہی گھر سے چارے جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا دوسری جا نب لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور سے اب تک 126افراد کو طبی امداد دینے کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ داخل 26افراد میں 8کی حالت نازک ہے۔ 1