امت مسلمہ متحد ہو کر باطل قوتوں کیخلاف ڈٹ جائے ‘ امام کعبہ شیخ خالدالغامدی

امت مسلمہ متحد ہو کر باطل قوتوں کیخلاف ڈٹ جائے ‘ امام کعبہ شیخ خالدالغامدی

 اسلام آباد (آئی این پی) امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے قومی اسمبلی کی گیلری میں بیٹھ کر اجلاس کی کارروائی دیکھی، قومی اسمبلی ہال آمد پرسپیکر ایازصادق سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ نے شاندار استقبال کیا، مولانا فضل الرحمان نے امام کعبہ کا عربی زبان میں خیر مقدم کیا۔ پیر کو امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کی، پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔ امام کعبہ نے قومی اسمبلی کی گیلری میں بیٹھ کر اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے امام کعبہ کا عربی زبان میں غیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، امام کعبہ پوری امت مسلمہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، پاکستان کی سرزمین امام کعبہ کا دوسرا گھر ہے، مشکل وقت میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کا پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد نماز مغرب پڑھائی اور اْمت مسلمہ کی بھلائی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔ بعد ازاں اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام وحدانیت کا سبق دیتا ہے۔ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ نبی کریم ؐنے مدینہ منورہ ہجرت کی تو مہاجرین اور انصار کو آپس میں بھائی بھائی بنا دیا تھا۔ امام کعبہ نے مسلمانوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اْمت مسلمہ کو متحد نہ ہونے کی وجہ سی بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ اْمت مسلمہ کو اتحاد کے ذریعے باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا چاہیے۔ اس سے قبل امام کعبہ شیخ خالد الغامدی سعودی عرب کے قائم مقام سفیر جاسم محمد الخالدی کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس گئے جہاں ارکان اسمبلی نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ امام کعبہ شیخ خالد الخامدی نے مہمانوں کی گیلری میں بیٹھ کر اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ پاکستان میں جہاں بھی گئے، عوام نے کْھلے دل سے ان کا استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول