پیرا سیٹا مول کا خام مال جعلی نام سے منگوا کر لیبارٹری سے کلیئر کرالیا گیا، درآمد کنندگان گرفتار
لاہور (ویب ڈیسک) سب سے زیادہ استعمال ہونیوالی دردکش دوا پیراسیٹا مول کا خام مال درآمد کنندگان نے جعلی ناموں سے منگوا کر لیبارٹری انتظامیہ کی مدد سے کلیئر کرالیا۔ شک گزرنے پر کراچی کسٹم کے عملے نے 5کنٹینر خام مال قبضہ میں لے لیا اور درآمد کنندگان کی فراہم کردہ اطلاعات پر ملزموں کی گرفتاری کیلئے کسٹم کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق کسٹم کراچی کے افسروں کو شک گزرنے پر خام مال کا دوسری لیبارٹری سے معائنہ کروایا گیا تو پتہ چلا کہ اب تک پیراسیٹامول کا خام مال جعلی ناموں سے کلیئر کرایا جاتا رہا ہے اور کروڑوں گولیاں بنانے کیلئے خام مال کلیئر کرایا جا چکا ہے جس پر درآمد کنندگان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق 20کنٹینر خام مال کلیئر کرایا جا چکا ہے جبکہ 5کنٹینر جو ابھی کلیئر کرائے جانے تھے قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جس شخص کے نام سے سیلز ٹیکس کی ریٹرن فائل کی جاتی ہے وہ سوات کا باشندہ ہے اور اسکا اس سارے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔