سعودی عرب میں زیرتعمیر عمارت گرنے سے 11افراد جاں بحق ، بیشتر پاکستانی ہیں :رپورٹ

سعودی عرب میں زیرتعمیر عمارت گرنے سے 11افراد جاں بحق ، بیشتر پاکستانی ہیں ...
سعودی عرب میں زیرتعمیر عمارت گرنے سے 11افراد جاں بحق ، بیشتر پاکستانی ہیں :رپورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں القصیم کے علاقے میں ایک عمارت گرنے سے 11 مزدور جاں بحق اور 50سے زائد ملبے تلے دب گئے، جاں بحق ہونیوالوں میں بیشتر پاکستانی اورچند مصری یا بھارتی مزدور ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حادثے کے فوری بعد القصیم کے نگران شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے پراجیکٹ پر تعمیر کا کام روکنے اور فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
عرب نیوز چینل ’العربیہ‘ کے مطابق دارالحکومت ریاض کی قصیم یونیورسٹی میں مزدور کنونشن سنٹر کی تعمیر میں مصروف تھے کہ اچانک عمارت زمین بوس ہونے سے پچاس سے زائد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سعودی ہلال احمر، ایئر ایمبولینس، شہری دفاع، سیکیورٹی گشتی پارٹیاں اور دوسرے امدادی کارکن فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اورسات مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا ۔
 یونیورسٹی ترجمان کے مطابق مزدوروں میں سے بیشتر کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مرنیوالوں میں 10پاکستانی اور ایک بھارتی شہری شامل ہے ۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت میں کام کرنے والے مزدور تعمیراتی منصوبوں کے لئے طے شدہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا نہیں تھے، متعدد مزدوروں نے حفاظتی ہلمنٹ کے بجائے سروں پر روایتی رومال باندھ رکھے تھے۔