کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ٹرن آﺅٹ 33 فیصد رہا : الیکشن کمیشن
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک میں ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ان انتخابات میں ووٹنگ ٹرن آﺅٹ 33 فیصد رہا ہے ۔ میڈیا کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ ز میں مجموعی طور پر 18 لاکھ 72 ہزار 740 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ۔الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں 6 لاکھ 10 ہزار 816 افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے ۔حق رائے دہی استعمال کرنے والوں میں 3 لاکھ 66 ہزار 101 مرد جبکہ 2 لاکھ 44 ہزار 715 خواتین شامل ہیں ۔
بلدیاتی انتخابات میں ریٹرنگ افسر کو کیوں معطل کیا ، جاننے کے لیے کلک کریں
اعداد و شمار کے مطابق ان انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن نے تقریباً ایک لاکھ 86 ہزار ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ تحریک انصاف ایک لاکھ 30 ہزار ووٹ حاصل کر سکی ہے ۔ دوسرے نمبر پر زیادہ نشستیں حاصل کرنے والے آزاد امیدواروں نے 61 ہزار ووٹ لیے ہیں اور ان انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے حصے تقریباً 28 ہزار ووٹ آئے ہیں۔ ان کے علاوہ پیپلز پارٹی نے تقریباً 11 ہزار ، جماعت اسلامی نے 7 ہزار 500 اور عوامی نیشنل پارٹی نے 3 ہزار ووٹ حاصل کیے ہیں ۔
کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مجموعی طور پر مسلم لیگ ن نے 41 فیصد ، پاکستان تحریک انصاف نے 28 فیصد ، ایم کیو ایم نے 6.2 فیصد ، پیپلز پارٹی نے 2.2 فیصد اور جماعت اسلامی نے 1.73 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں ۔