درخت کٹنے سے خوبصورتی کم ماحول خراب ہو رہا ہے،بیگم ذکیہ شاہ نواز

درخت کٹنے سے خوبصورتی کم ماحول خراب ہو رہا ہے،بیگم ذکیہ شاہ نواز

  

لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر برائے ماحولیات و ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ درخت زمین کا حسن ہیں اور ہر درخت کے کٹنے سے زمین کی خوبصورتی کم ہو رہی ہے اور ماحول خراب ہو رہا ہے وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز اور روٹری کلب لاہور گیریژن کے زیر اہتمام عالم یومِ ارض کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، پرنسپل کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید ، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد احمد، ارینٹل وومن آرگنائزیشن کی چیف ایگزیکٹو ثمینہ نور،فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ درخت ماحول کو صاف بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے فضاء میں اخراج کو کم سے کم بنانا ہے اور اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلیشئرز پگھل رہے ہیں ہمیں ہر کٹے درخت کی جگہ 20 گنا ذیادہ درخت لگانے ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ انسان کوبہت سے خطرات درپیش ہیں جن میں سے ایک ماحولیاتی تباہی ہے۔ انہوں نے نصیحت کی کہ ہمیں ماحول کے توازن کا خیال رکھنا چاہئے۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے کہا کہ ہر دن یوم ارض کے طور پر منایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کا مسئلہ سب کا سانجھا ہے ۔ تقریب سے شہزاد احمد اور ثمینہ نور نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں بیگم ذکیہ شاہنواز کی قیادت میں کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز سے عالمی یوم ارض کی مناسبت سے ریلی بھی نکالی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -