نمونیہ ،ہیپا ٹائٹس سے روزانہ4ہزار ہلاکتیں تشویشناک ہیں،میاں مقصود

نمونیہ ،ہیپا ٹائٹس سے روزانہ4ہزار ہلاکتیں تشویشناک ہیں،میاں مقصود

  

لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ نمونیا اور ہیپاٹائٹس سی سے روزانہ 4 ہزار افراد کاموت کی آغوش میں چلے جانا انتہائی تشویش ناک اور قابل مذمت امر ہے جوحکومت عوام کوبنیادی ضروریات کی سہولتیں فراہم نہیں کرسکتی اس کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔دنیا کے ہرمہذب اور ترقی یافتہ ملک میں عوام کو تعلیم،صحت،پینے کاصاف پانی اور ضروریات زندگی کی دیگر سہولتیں بلاتعطل فراہم کی جاتی ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں حکمرانوں کی جانب سے ان سہولیات کی فراہمی تودرکنار عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ کیاجارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی وجہ سے ملک لوڈشیڈنگ،معاشی تنزلی ، مہنگائی ، بیر وز گا ر ی ، کر پشن ، دہشتگردی اوردیگربحرانوں کاشکارہوچکا ہے۔مہنگائی،بے روزگاری اور دیگر مسائل نے غریب اور عام آدمی کاچین وسکون چھین لیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قوم قرضوں کے بوجھ تلے دبتی چلی جارہی ہے جبکہ حکمرانوں کی کرپشن اور عیاشیاں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔انہوں نے کہاکہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پڑھے لکھے اور ہنرمندافراد دوسرے ممالک کا رخ کررہے ہیں۔ ہرسال ہزاروں افراد بیرون ملک جارہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت لوگوں کوروزگار کے مواقع فراہم کرے تاکہ پڑھے لکھے اور ہنر مندافراد کی صلاحیتوں سے بھرپور انداز میں استفادہ کیا جاسکے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -