پیف نے 19لاکھ بے وسیلہ بچوں کی حصول تعلیم تک یکساں رسائی ممکن بنادی ہے، طارق محمود
لاہور(خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبے کے 19لاکھ بے وسیلہ بچوں کی حصول تعلیم تک یکساں رسائی ممکن بنادی ہے۔ان میں طالبات کا تناسب 45فیصد ہے ۔یہ بات خوش آئند ہے کہ اس فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں سے ضرورت مند گھرانوں میں علم کے چراغ روشن ہوئے ہیں جس سے 2018تک سو فی صد انرولمنٹ کے اہداف پورے کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ بات ایم ڈی پیف طارق محمود نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹرز سمیت مختلف شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سماجی و معاشی تنگ دستی کا شکاربچوں کی تعلیم کے ذریعے بحالی کے منصوبوں میں توسیع سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایم ڈی پیف نے کہا کہ جعلی رجسٹریشن کی بناء پر پارٹنرشپ کے مرتکب افراد کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیف کے تعلیمی منصوبوں میں شفافیت کے اعلیٰ معیار کو بر قرار رکھا جائے گا۔ اسی طرح انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری حکومتی ہدایا ت پر موثر عمل در آمد کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کو بہتر تنخواہ دینے کی حوصلہ افزائی کر تی ہے۔ اس حوالے سے یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ مستقبل میں معاہدہ شراکت میں ٹیچر زسیلری کا ذکر بھی کیا جائے۔