حکومت بجٹ 2016-17میں تاجروں کی تجاویز کو بھی شامل کرے،راؤ خورشید علی

حکومت بجٹ 2016-17میں تاجروں کی تجاویز کو بھی شامل کرے،راؤ خورشید علی

  

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چےئرمین راؤ خورشید علی نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ 2016-17 میں تاجر برادری کی تجاویز کوترجیحی بنیادوں پر بجٹ میں شامل کرے، اور جنگی بنیادوں پر کالا باغ ڈیم سمیت دیگر چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کیلئے حقیقی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔پاکستان کو معاشی و اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کیلئے اگر کوئی بڑی قربانی بھی دینا پڑے تو گریز نہ کیا جائے ، پوری قوم حکومت کے ساتھ ہے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں سے آئے ہوئے تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ راؤ خورشید علی نے کہا کہ پاکستان پچھلے چند سالوں سے دہشت گردی ، توانائی کے بدترین بحران ، لاء اینڈ آرڈر کی خراب صورتحال ، معاشی و اقتصادی گراوٹ ، بیروزگاری ، غربت و افلاس ، پانی کی کمی ، سیاسی عدم استحکام جسے مسائل سے دوچار ہے ،جس کے باعث پوری قوم ذہنی مریض بنتی چلی جا رہی ہے ،اورلوگوں میں قوت برداشت کا کم ہونا انتہائی خطرناک امر ہے ان حالات میں موجودہ منتخب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں میں سے نکالنے کیلئے چند سخت فیصلے کرے ، انہوں نے کہاکہ ملک کو توانائی کے بحران سے نکالے بغیر معاشی طورپر پاکستان کی خوشحالی ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے اپنے ادارے میں احتساب کا عمل شروع کرنا قابل تحسین ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -