آئندہ دو دہائیوں میں پانی کی افادیت دوچند ہوجائیگی،ملک تنویر اسلم
لاہور(پ ر)صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ پانی نہ صرف ایک بنیادی سماجی ضرورت ہے بلکہ نوع انسانی کی بقا میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والی دو دہائیوں میں اس کی اہمیت اور افادیت دوچند ہوجائے گی۔یہ بات انہوں نے ورلڈ بنک گروپ کے پروگرام واٹر اینڈ سینی ٹیشنل فار آل کے زیر اہتمام ’’نان ریونیوواٹر اینڈ پرفارمنس بیسڈکنٹریکٹ ‘‘ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کاربن کے استعمال پر پابندی کی بات کی جارہی ہے مگر پانی کی افادیت پر کوئی بات نہیں کرتا ۔انہوں نے کہا کہ نان ریونیوواٹر تمام واسا کا مشترکہ مسئلہ ہے اور واٹرمیٹروں کی تنصیب ،پانی کی لیکیج اور پریشر جیسے مسائل سے نمٹے بغیر نان ریونیوواٹر جیسے مسئلے کا حل ممکن نہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر میٹروں کی تنصیب کے دوران فزیکل اور کمرشل لاس (Physicle & Commercial Loss) کے پہلوؤں کو سامنے رکھا جائے تو بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں گے۔اسی طرح پانی کے میٹروں کی پروکیورمنٹ کو بلک،انڈسٹریل،کمرشل اور ڈومیسٹک کے شعبوں کے حساب سے کیٹگرائزکرکے وقت اور پیسے دونوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت لاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ پانچوں واسا تقریبا ایک ملین پانی کے کنکشن کا انتظام چلارہے ہیں جبکہ شہری آبادی کو ملا کر پنجاب کے ان پانچ بڑے شہروں کی آبادی 18ملین کے قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ابھی بھی دو تہائی کے قریب آبادی واسا کے ساتھ منسلک نہیں ہے اور پانی کے دوسرے ذرائع استعمال کررہی ہے ۔انہوں نے کہا پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2018میں معاشی ترقی میں پانی کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا 2009-10میں واٹر سیکٹرکے لئے 8.5بلین کے فنڈز مختص کئے گئے تھے جو اب بڑھ کر 24بلین تک پہنچ چکے ہیں۔