افغانستان میں مزید حملوں کا خطرہ ہے: امریکی فوج کا انتباہ
کابل (اے پی پی)افغانستان میں امریکی فوجی مشن نے بدھ کو کابل سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان سے تعلق رکھنے والے جنگجو کابل کے علاوہ شمال مشرقی صوبوں پروان، خوست اور لوگر میں افغان شہریوں پر حملوں کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل سے جاری بیان میں آٹھ ممکنہ حملہ آوروں کے نام بھی دیے گئے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ مذکورہ افراد کے بارے میں کچھ جانتے ہوں تو بیان میں دیے گئے نمبر پر اطلاع دیں۔طالبان جنگجووں نے افغانستان میں گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی موسمِ گرما کے آغاز پر 12 اپریل سے حملوں کی نئی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جو جنگجووں کی روایات کے مطابق موسمِ سرما کی آمد تک جاری رہے گی۔جنگجووں نے دھمکی تھی کہ وہ اس عرصے کے دوران افغان سکیورٹی فورسز کو خود کش اور دیگر حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔امریکی فوج کی جانب سے اس انتباہ سے چند روز قبل طالبان جنگجووں نے کابل کے مرکز میں واقع افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملہ کیا تھا جس میں لگ بھگ 70 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہوگئے تھے۔