پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی کا پرویز اشرف کی زیرصدارت اجلاس
لاہور(نمائندہ خصوصی)ُ پاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی کی میٹنگ پنجاب آفس ماڈل ٹاؤن میں ہوئی جس کی صدارت راجہ پرویز اشرف نے کی اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا گیا کہ جنہوں نے سنٹرل پنجاب کے اندر اس کمیٹی کو ذمہ داری سونپی۔ اراکین کمیٹی نے حلف لیا کہ ہم اس ذمہ داری کو پوری تندہی اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق انجام دیں گے اور اپنی کسی پسند نا پسند یا کسی بھی گروپ بندی کا شکار ہوئے بغیر میرٹ پر اپنی سفارشات مرتب کریں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو اس کی نظریاتی اساس اور اور تنظیمی میراث پر منظم کرنے کے لئے جلد ہی دوروں کا آغاز کریں گے۔ کمیٹی نے سابقہ تنظیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کام کرنے کی کوشش کی۔ کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیاکہ یوم مئی کے جلوس تمام شہروں میں پاکستان پیپلز پارٹی، پیپلز لیبر بیورو اور الائیڈ ونگ کے تمام سابقہ عہدیداران اپنی روایات کے مطابق جلوسوں اور جلسوں کا انعقاد کریں گے۔ کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ لاہور کا مرکزی جلوس تمام تنظیمیں مل کر نکالیں گی جس کا آغاز ریلوے سٹیشن سے صبح دس بجے ہو گا اور اختتام پریس کلب لاہور ہو گا۔کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ پارٹی دفاتر کے اندر کسی قسم کا کوئی اجلاس یا کوئی میٹنگ کمیٹی ممبران یا انچارج دفتر کے پوچھے بغیر منعقد نہیں کیا جائے گا۔ کمیٹی اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام سابقہ عہدیداران ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسپلن کا خصوصی خیال رکھیں گے۔