حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے قانون سازی کرے ہم ساتھ ہیں، اپوزیشن

حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے قانون سازی کرے ہم ساتھ ہیں، اپوزیشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد،راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک228اے این این) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومت کرپشن ختم کرنے کی قانون سازی میں پہل کرے ساتھ دینگے جبکہ سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس میں احتساب وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا ہی ہونا چاہیے۔بدھ کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے بدھ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات گفتگو کرتے انھوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی میں پہل کرے تو حزب مخالف کی جماعتیں ان کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہاکہ سرمائے کی بیرون ملک منتقلی کا سراغ لگانے کیلئے جوڈیشل کمیشن سے پہلے فرانزک آڈٹ کیا جائے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 46 ارب ڈالر کا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا گیا ایسا نہ ہو کہ کل کو چین آکر بیٹھ جائے اور کہے کہ ہمارا قرضہ واپس کرو اور پھر ہماری آزادی متاثر ہو۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ راہداری منصوبے کا مغربی روٹ سب سے پہلے تعمیر ہونا چاہیے کیونکہ اس سے پاکستان کا سب سے بڑا حصہ مستفید ہوگا۔ راہداری منصوبے کے تحت بننے والے انڈسٹریل اکنامک زونز ابھی تک کہیں نظر نہیں آرہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے توانائی منصوبوں سے میں خوفزدہ ہوں کیونکہ یہ بہت مہنگے لگائے جارہے ہیں جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرکے ہم ماحول کو تباہ کردیں گے ، کوئلے کی بجائے پن بجلی کے منصوبے لگائے جانے چاہئیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاناما لیکس میں سب سے پہلے وزیر اعظم کے خاندان کی تحقیقات کی جائیں اس کے بعد دیگر افراد کے خلاف بھی تحقیقاتی عمل شروع کی جائے۔حزب مخالف کی جماعت سے ملاقات کے بعد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چار تجاویز پیش کیں جن میں کمیشن کو بیرون ملک جاکر پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے کا اختیار دینے کے علاوہ دو ماہ کی مدت میں اس کی تحقیقات مکمل کرنے کا ٹاسک دینا بھی شامل ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ اس کمیشن کو تحقیقاتی رپورٹ شائع کرنے کا اختیار بھی دیا جائے۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے شیخ رشید کے ساتھ ان کی رہائش گاہ لال حویلی پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاناما لیکس کی تحقیقات پر بات چیت کی گئی اور پیپلز پارٹی کے وفد نے شیخ رشید کو 2 مئی کو اپوزیشن کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا بددیانتی اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے ’گو نواز گو‘۔ جس ملک کے وزیراعظم کا نام سکینڈل میں آ جائے اس ملک کو قرضہ بھی نہیں ملتا۔

مزید :

صفحہ اول -