5ریاستوں میں ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح

5ریاستوں میں ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح

  

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹیوں کے صدارتی امیدواروں کا فیصلہ کرنے کیلئے مزید پانچ ریاستوں کینٹیکٹ، میری لینڈ، پنسلوینیا، ڈیلاوئراور روڈ آئی لینڈ کے نتائج مکمل ہوگئے ہیں اور تمام مقامات پر ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ اور سابقہ وزیر خارجہ سینیٹر ہیلری کلنٹن فتح یاب ہوگئے ہیں۔ انتخابات کے نتائج موصول ہونے کے بعد ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن نے جو فاتحانہ تقریریں کیں ان میں صدارتی امیدواروں کا اعتماد جھلک رہا تھا اور وہ صدارتی انتخابات میں ایک دوسرے کو اپنا حریف سمجھ کر تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔منگل کے انتخابات میں شمال مشرقی ساحل پر واقع ’’نیو انگلینڈ‘‘ کی چھوٹی سی ریاست روڈ آئی لینڈ میں اگرچہ پندرہ میں سے تیرہ ڈیلیگیٹ سینیٹر برنی سینڈرس کو ملے لیکن اصل میں اس ریاست کے لئے مخصوص کل 33 ڈیلیگیٹ میں سے 20 ہیلری کلنٹن کو مل گئے ہیں۔ اس کی وجہ ریاست کا پیچیدہ انتخابی نظام ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی نے ریاستی کنونشن کے ذریعے کل نو ڈیلیگیٹ اور تمام کے تمام نوسہر ڈیلیگیٹ ہیلری کلنٹن کو دیئے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی فاتحانہ تقریر میں واضح طور پر اپنے آپ کو ممکنہ ٹکٹ ہولڈر قرار دیتے ہوئے اپنے حریفوں سینیٹر ٹیڈ کروز اور گورنر جان کیشک سے کہا کہ وہ بہتر ہے کہ مقابلے سے دستبردار ہو جائیں اور آئندہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کی مہم میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ہیلری کلنٹن کو خاتون ہونے کی بناء پر ہمدردی کے ووٹ مل رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر ہیلری خاتون نہ ہوتی تو اسے پانچ فیصد ووٹ بھی نہ ملتے۔ ہیلری کلنٹن کو ٹکٹ کے لئے 2383 ڈیلیگیٹ کا جو ٹارگٹ حاصل کرنا ہے اس میں سے 2115 ڈیلیگیٹ اسے مل چکے ہیں جو اپنے ٹارگٹ کا تقریباً 82 فیصد حصہ بنتا ہے جبکہ تازہ انتخابات کے بعد سینیٹر برنی سینڈرس کے ڈیلیگیٹ کی تعداد 1338 ہوگئی ہے۔ ڈیلاؤر کی ریاست میں ہیلری کو بارہ اور سینڈرس کو نو، کینیٹکٹ میں ہیلری کو 27 اور سینڈرس کو 25، میری لینڈ کو ہیلری کو 59 اور سینڈرس کو 32 اور پنسلوینیا مییں ہیلری کو 95 اور سینڈرس کو 67 ڈیلیگیٹ ملے ہیں۔ری پبلکن پارٹی کے پرائمری انتخابات میں چار ریاستوں کے قوانین کے مطابق اکثریتی ووٹ حاصل کرنے کی وجہ سے ان ریاستوں کیلئے مخصوص تمام ڈیلیگیٹ ڈونلڈ ٹرمپ کو مل گئے ہیں۔ کینیٹکٹ میں 28، ڈیلاؤر میں 16، میری لینڈ میں 38 اور پنسلوینیا میں 17 ڈیلیگیٹ انہیں ملے ہیں۔ صرف روڈ آئی لینڈ میں ووٹوں کے تناسب سے ڈیلی گیٹ تقسیم ہوئے ہیں جن کی بناء پر ٹرمپ کو دس، کیشک کو پانچ اور ٹیڈ کروز کو 3 ڈیلیگیٹ ملے ہیں۔ اس طرح اب تک کے پرائمری انتخابات کے بعد ٹرمپ کے ڈیلی گیٹ کی کل تعداد 954 ہوچکی ہے جبکہ انہیں ٹکٹ کے حصول کے لئے 1237 کا ٹارگٹ مکمل کرنا ہے۔ ان کے مقابلے پر ٹیڈ کروز کو 562 اور کیشک کو 153 ڈیلی گیٹ ملے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -