حکومت کیخلاف سازشیں کرنیوالے ملکی ترقی روکنا چاہتے ہیں، رانا ارشد

حکومت کیخلاف سازشیں کرنیوالے ملکی ترقی روکنا چاہتے ہیں، رانا ارشد

  

رحیم یار خان(بیورو نیوز)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر رانا ارشد محمود نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس ایک عالمی سازش ہے جس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف او ر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا نام شامل نہ ہے تاہم وزیر اعظم نے خاندان سمیت خود کو احتساب کے لئے پیش اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر جو مثال قائم کی ہے ماضی میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر درحقیقت ملکی ترقی میں رخنہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کا تعین حکومت یا اپوزیشن نہیں بلکہ اعلیٰ عدلیہ خود کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس کمیٹی روم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور عوام کامعیار زندگی بلند ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس میں تعلیم و صحت کے شعبہ جات سرفہرست ہیں۔جبکہ ملک بھر میں صوبہ وپنجاب واحد صوبہ ہے جس نے پٹوار کلچر کا خاتمہ کرتے ہوئے زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا اور اب اس کی استعدکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے جس میں کسی صورت کمی نہیں آنے دی جائے گی۔اجلاس میں ایم پی اے سردار رئیس محبوب احمد، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر شوذب سعید، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -