ملتان تا ڈیرہ دو رویہ سڑک کی تعمیر جون میں شروع ہوگی، محمد یثرب
ڈیرہ غازیخان(نمائندہ خصوصی)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے کہا ہے کہ راکھی گاج تا بواٹا بین الصوبائی شاہراہ کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی جس پر تقریبا 23ارب روپے خرچ کیے جائیں گے. ملتان تا ڈیرہ غازیخان دو رویہ سڑک کی تعمیر جون میں شروع کر دی جائے گی . مانہ احمدانی ڈیرہ غازیخان میں صوبہ پنجاب کے اپنی نوعیت کے پہلے کنکریٹ سائیلوز کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جس پر تقریبا 24کروڑ روپے خرچ ہوئے . سائیلوز میں برآمدی معیار کی گندم ذخیرہ کی جاسکے گی . جنوبی پنجاب کے واحد صحت افزا مقام فو رٹ منرو کو سیاحت کیلئے پرکشش مقام بنانے کیلئے مری کی طرز پر فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کی منظوری دے دی گئی ہے جگہ کی نشاندہی اور دیگر کام مکمل ہونے پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا. وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان ڈویژن سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی جس کیلئے ڈویژن میں تیسرا مرحلہ شروع کیا جارہاہے . ڈویژن سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں غریب او ریتیم بچوں کومعیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دانش سکولز قائم کیے جا رہے ہیں . مظفرگڑھ میں ترک حکومت کے تعاون سے طیب اردگان ہسپتال اور ترکش سکول کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے . انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں انچارج منسٹر پرائم منسٹر پبلک افیئرز اینڈ گریوئینس ونگ شیخ آفتاب احمد اور دیگر متعلقہ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی .