اے این پی اور اتحادی جماعتوں کی ناظمین کی معطلی اور بجٹ مسترد کرنے پر احتجاج کی دھمکی
مردان(بیورورپورٹ) ضلع کونسل میں اے این پی کے اتحادی جماعتوں نے لوکل کونسل کمیشن کی جانب سے صوبائی حکومت کوکونسل کے ناظم اور نائب ناظم کی معطلی اور بجٹ کو مسترد کرنے کی سفارشات پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اس کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔ اتحادی جماعتوں اے این پی،جے یو آئی،پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن اور آزاد اراکین کا مشترکہ اجلاس ضلع نائب ناظم اسد علی کی صدارت میں ہوا ۔اجلاس سے ضلع ناظم حمایت اللہ مایار،حاجی نعیم انور،طارق عزیز،سلیم خان کاٹلنگ،ملک الیاس،ملک بشیر،خبیب،مولانا عرفان اللہ،فرخ سیر اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل کا بجٹ اکثریت کے ساتھ منظور کیا گیا تھا جس کی توثیق بھی ہاؤس نے کی تھی اور ضلع ناظم اور نائب ناظم نے کئی بار کونسل سے اعتماد کا ووٹ بھی لیا ہے ۔اسکے باوجود بعض عناصر کونسل کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی بجٹ مثالی اور عوامی بجٹ تھا اگر اسے مسترد اور ناظمین کو معطل کیا گیا تو ایک پنڈورہ بکس کھلے گا ۔مقررین نے کہا کہ صوبے میں جہاں پی ٹی آئی کے ناظمین اقتدار میں ہیں وہاں من مانی بجٹ پاس کئے گئے ہیں لیکن انکے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی جبکہ مخالفین کے صحیح کاموں میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کونسل کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی اور ہر محاذ پر ضلع کے عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جائیگا۔