حلقہ پی کے 8 انتخابات ،سیاسی پارٹیوں ،امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

حلقہ پی کے 8 انتخابات ،سیاسی پارٹیوں ،امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ پی کے۔8پشاور VIIIکے ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کے لئے ضابطہ اخلاق (Code of Conduct)جاری کر دیا ہے۔کوڈ آف کنڈکٹ کے مندرجات اور تفصیلات کے مطابق مذکورہ حلقے میں ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ا نتظامی حکام ر یاستی وسائل استعمال نہیں کریں گے جس سے کسی خاص امیدوار یا سیاسی پارٹی کو ناجائزفائدہ پہنچے اور نہ ہی ایسا اثر ڈالیں گے جوکسی ضمنی انتخاب میں شرکت کرنے والے امیدوار یا سیاسی پارٹی کو متاثر کرے اور نقصان پہنچائے۔اگر کوئی سرکاری ملازم کسی لحاظ سے بھی اپنا سرکاری عہدہ ناجائز طور پر استعمال کرکے انتخاب کے نتیجے پر اثر انداز ہو تو کورٹ آف سیشنز میں اسکے خلاف مقدمہ چلایاجائے گااوراگر اس پر الزام ثابت ہو گیا تو اس کو مذکورہ ا یکٹ کی شق92کے تحت دو سال قیدیا دو ہزارروپے تک جرمانے یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ضمنی الیکشن کے شیڈول کے اجراء کے بعد اختتام تک سرکاری ملازمین کے بڑی تعداد میں تبادلے اور تعیناتیاں نہیں کی جائیں گی جبکہ سرکاری ملازمین کے انفرادی تبادلے اور تعیناتیاں بھی ضمنی الیکشن کے شیڈول کے ا جراء کے بعد نہیں کی جائیں گی ماسوائے مخصوص اور ہنگامی صورتحال یا عوامی مفاد میں،الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت سے ایسا کیا جا سکے گا۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے اجراء کے بعد صدر،وزیر اعظم،چیئرمین؍ڈپٹی چیئرمین سینیٹ،وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز،وفاقی وزراء،وزراء مملکت،گورنر،وزیر اعلیٰ،صوبائی وزراء،وزیر اعظم اور وزیر اعلی ٰکے مشیر صاحبان اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،نہ تو کسی حلقے کا دورہ کریں گے ،نہ ہی کسی حلقے کے کسی ادارے کو کھلے عام یا خفیہ طور پر کوئی عطیہ یاگرانٹ دیں گے یا دینے کا وعدہ کریں گے۔نہ ہی کسی ترقیاتی پراجیکٹ کا افتتاح،سنگ بنیاد یا اعلان کریں گے تاکہ انکی پسند کے امیدوار کی انتخابی مہم کو فروغ دے کر الیکشن کے نتیجے پر اثر اندازہوا جاسکے۔اسکے علاوہ وزیر اعظم،وزیراعلیٰ،وفاقی وزراء،وزرائے مملکت،صدر اور وزیر اعظم کے مشیر صاحبان،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی یاان کی جانب سے کوئی بھی شخص الیکشن شیڈول کے اجراء کے بعد الیکشن کے اختتام تک اس حلقے یا کسی پولنگ سٹیشن کا دورہ نہیں کرے گا۔ مذکورہ کوڈ آف کنڈکٹ کے اجراء کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات تصور کیا جائے گا جن کی خلاف ورزی پر آئین پاکستان کے آرٹیکل204، جس کو عوامی نمائندگی ایکٹ1976کی شق اے103کے ساتھ ملاکر پڑھا جائے،کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ان ہدایات کااجرا ء الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے متعلقہ صوبائی اداروں کو موصولہ ایک اعلامیہ میں کیاگیا ہے۔