اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کا 131واں اجلاس ،سمندر پارپاکستانی بیرسٹر امجد ملک متفقہ طور پر چیئرمین منتخب
اسلام آباد (پ ر) اوپی ایف بورڈ آف گورنرز نے اپنے 131ویں اجلاس میں معروف سمندر پارپاکستانی بیرسٹر امجد ملک کو متفقہ طور پر اپنا چیئرمین منتخب کیا ہے،وہ اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کے پہلے چیئرمین ہیں جن کا تعلق سمندر پارپاکستانی کمیونٹی سے ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین تھے۔کارپوریٹ گورننس رولز اپنانے کے بعد بورڈ کا پرائیویٹ ممبر بھی بورڈ کا چیئرمین بن سکتا ہے۔اوپی ایف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے قائم کیا گیا تھا اس لئے یہ شدید خواہش کی جاتی تھی کہ بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین ایک سمندر پارپاکستانی ہو۔وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے حال ہی میں تشکیل دیئے گئے اوپی ایف بورڈ آف گورنر ز کے ممبران میں وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر، وفاقی سیکرٹری وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل خضرحیات خان،منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمان خان،بیرسٹر امجد ملک(برطانیہ)،کیپٹن شاہین خالد(امریکہ)،جہانگیر منہاس(آزاد وجموں کشمیر)،سابق وفاقی سیکرٹری خیبرپختونخوا صاحبزادہ سعید احمد،چوہدری نورالحسن تنویر(متحدہ عرب امارات)،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ عرفان یوسف شامی،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ حق نواز اور ایڈیشنل سیکرٹری کامرس ڈویژن اسد حیاء الدین شامل ہیں۔بور ڈ نے سابقہ بورڈ ممبران کی خدمات اور وفاقی وزیر برائے سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کی خدمات کو سراہا۔اجلاس کے دوران بورڈ کے ممبران کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے اوپی ایف کی مختلف فلاحی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ یہ محسوس کیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔ ملکی معیشت کی بہتری میں ان کا کرداراور ان کا جذبہ حب الوطنی پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں اہم کرداراداکر سکتا ہے۔اس لئے حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کو بہت اہمیت دیتی ہے۔حکومت کی خواہش ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے تشخص کو اجاگر کیا جائے۔بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار اداکررہے ہیں اور وہ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ کو مزید فعال بنائیں گے تاکہ سمندر پارپاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیافرہم کی جائیں۔