کارخانو مارکیٹ کے مالکان کی میاں جمشیدالدین سے ملاقات

کارخانو مارکیٹ کے مالکان کی میاں جمشیدالدین سے ملاقات

  

پشاور( پاکستان نیوز)کارخانو مارکیٹ کے پلازوں کو واجبات کی عدم ادائیگی کی پاداش میں سیل کئے جانے کے نتیجے میں بدھ کے روز پلازوں کے مالکان کے ایک وفد نے حاجی سید نواب کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائیز وٹیکسیشن اور نارکاٹکس کنٹرول میاں جمشیدالدین کا کا خیل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ سیکرٹری ایکسائیز و ٹیکسیشن خیبر پختونخوا اسرار خان اور ڈائریکٹر جنرل ناصر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر کو اپنی معروضات بیان کرتے ہوئے ایریا ریٹنگ اور واجبات میں نرمی کرنے کے حوالے سے مطالبات پیش کئے ۔ وفد سے باتیں کرتے ہوئے میاں جمشید الدین نے کہا کہ واجبات کی معافی یا اس میں کسی قسم کی کمی کرنا ان کی صوابدید میں نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی امور ٹیکسوں کے بغیر نہیں چل سکتے جو عوام کوسہولیات زندگی کی فراہمی کی مد میں خرچ کئے جاتے ہیں۔ لہٰذا صوبے کے شہری کی حیثیت سے واجبات کی ادائیگی نادہندگان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر حکومتی اور پلازہ مالکان کی واجبات کی ادائیگی کے لئے قابل قبول حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق ہوا جس کے پہلے مرحلے میں 2011تا2016تک کے واجبات کی ادائیگی کے لئے پلازہ مالکان باہمی مشاورت کرینگے۔ وفد نے صوبائی وزیر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنکی کوششوں سے واجبات کی ادائیگی کے لئے خوشگوار ماحول میں طریقہ کار وضع ہوا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -