بجلی چوروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،چیف انجینئر

بجلی چوروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،چیف انجینئر

  

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)چیف انجینئر آپریشن پیسکو خیبر پختونخواہ خالد سعید نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف قانون بننے کے بعد اب بجلی چوروں کو سزا کے علاوہ بھاری جرمانے بھی عائد ہونگے ۔اسلام میں بجلی چوری حرام ہے ۔یکم مئی 2016کو جاری ہونے والے پیسکو کے شیڈول میں ڈیرہ اسماعیل خان میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واپڈا ریسٹ ہاؤس میں ایوان زراعت ،معززین علاقہ اور میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔اس موقع پر ایس ای پیسکو بنوں میاں حامد ،ایکسین رولر نوراللہ اور ایکسین سٹی پیر ثمر شاہ و دیگر حکام موجو دتھے ۔اس موقع پر ایوان زراعت کے صدر حاجی عبدالرشید دھپ ،مسلم لیگ ن کے دین محمد مجاہد سمیت دیگر اکابرین بھی موجود تھے ۔چیف انجینئر آپریشن پیسکو خیبر پختونخواہ خالد سعید نے کہا کہ لوگوں کو بجلی دیں گے ۔حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی کے بعد بجلی کے نرخوں میں بھی کمی آئے گی ۔ جس سے بجلی کی چوری پر قابو پایا جاسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کو منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا ۔انہوں نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کی الگ فیڈر پر فوری طور پر کام کے آغاز کی ہدایت بھی کی انہوں نے کہا کہ پیسکو میں جہاں بجلی چور صارفین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے تو وہاں پر پیسکو میں موجود بجلی چور ی میں ملوث واپڈا کی کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کاروائی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ پیسکو واپڈا رولر ڈویژن میں میٹر ریڈر ،سپر وائزر ،ایس ڈی او وغیر ہ کے عہدوں کے 13اہلکاروں کو بجلی چوری میں ملوث ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں ۔ اگر ان پر بجلی چوری ثابت ہوتی ہے تو ان کو محکمہ سے نکل دیا جائے گا ۔ انہوں نے اس موقع پر واپڈا کے حوالے سے لوگوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -