پسکو نادہندگان کیخلاف کارروائی ،متعدد کنکشن منقطع

پسکو نادہندگان کیخلاف کارروائی ،متعدد کنکشن منقطع

  

پشاور( پاکستان نیوز)پسکو نے نادہندہ گان کے خلاف کاروائی تیز کرتے ہوئے صوبہ بھر میں نادہندہ گان کی بجلی منقطع کرنی شروع کردی ہے.تفصیلات کے مطابق پسکوکی بقایاجات کی وصولی کے لئے جاری مہم کے تحت ایک کروڑ 54 لاکھ روپوں کی عدم ادائیگی پر شیرسٹیل ملز درگئی کو رات گئے بجلی کی فراہمی منقطع کردی گئی ہے اوراس وقت تک بحال نہیں کی جائے گی جب تک بقایاجات کی ادائیگی نہیں کی جاتی .اسی طرح 44 کروڑ 7 لاکھ روپوں کی عدم ادائیگی پر اور 98% لائن لاسز کی وجہ سے بنوں کے داودشاہ فیڈر سے منسلک تقریبا 50 دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی گئی ہے.اسی طرح پسکوہری پورکی ٹیم نے ٹی اینڈ ٹی کالونی ہری پورکو بجلی کی فراہمی منقطع کردی ہے ٹی اینڈ ٹی کالونی ہری پورکے ذمے پسکو کے تقریبا 54 لاکھ روپے کے بقایاجات ہیں جس میں اپریل 2016 کے تقریبا 24 لاکھ روپے کے بقایاجات بھی شامل ہیں. 54 لاکھ روپوں کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز بھی دئیے گئے تاہم بقایاجات کی ادائیگی نہیں کی گئی جس پر ٹی اینڈ ٹی کالونی ہری پورکو بجلی کی فراہمی گزشتہ روز منقطع کردی گئی ہے .اسی طرح افغان مہاجرکیمپوں سے بقایاجات کی وصولی کے لئے بھی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں جن کے تحت خیبرسرکل میں ایک کروڑ روپوں کی عدم ادائیگی پر دو افغان مہاجرکمیپوں کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی گئی ہے جبکہ پشاورسرکل میں ناصرباغ249ورسک روڈ اور خراسان کیمپوں کو سات کروڑ 80 لاکھ روپوں کی عدم ادائیگی پر249مردان صوابی میں 34 لاکھ روپوں کی عدم ادائیگی پر دومہاجر کیمپوں کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی ہے جبکہ صوابی میں ساڑھے تین لاکھ روپوں کی عدم ادائیگی پرپبلک ہیلتھ کے ایک ٹیوب ویل کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی گئی ہے. واضح کیا جاتا ہے کہ اگر نادہندہ گان نے بجلی منقطع ہونے کے باوجود ادائیگی نہیں کی تو بقایاجات کی وصولی کے لئے ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی اور ان کے کیس نیب کے حوالے کردئیے جائیں گے. دیگر نادہندہ افراد کو بھی ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا بقایاجات فوری طورپر ادا کریں بصورت عدم ادائیگی ان کو بجلی کی فراہمی بغیرکسی مزید نوٹس کے منقطع کردی جائے گی اور اس وقت تک بحال نہیں کی جائے گی جب تک وہ اپنے ذمہ واجب الادا بقایاجات ادا نہیں کرتے.

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -