شگفتہ فرحت منفرد اسلوب کی قلم کار ہیں،جسٹس حاذ ق الخیری

شگفتہ فرحت منفرد اسلوب کی قلم کار ہیں،جسٹس حاذ ق الخیری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جسٹس (ر) حاذق الخیری نے کہا ہے کہ شگفتہ فرحت منفرد اسلوب کی قلم کار ہیں، ایک محقق اور صحافی کی حیثیت سے اب تک مختلف موضوعات پر کام کر چکی ہیں، ہمیشہ داد و تحسین حاصل کرتی رہی ہیں، حال ہی میں ان کی تحقیق کاوش تذکرہ شخصیات بھوپال نے 179 شخصیا ت کو دامن میں سمیٹ رکھا ہے، شگفتہ فرحت نے نہایت سلیقے اور مہارت سے ان کے کارہائے نمایاں کو پیش کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے سینئر براڈ کاسٹر یاور مہدی کی جانب سے تذکرہ شخصیات بھوپال کی اشاعت اور غیر معمولی مقبولیت پر شگفتہ فرحت کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں اپنے صدارتی خطبہ میں کہی جس کے مہمان خصوصی ممتاز دانشور ڈاکٹر پیر زادہ قاسم تھے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر نے انجام دیئے۔ دیگر مقررین میں جسٹس (ر) صلاح الدین مرزا، ڈاکٹر یونس حسنی، پروفیسر رئیس علوی، یاور مہدی اور دیگر شامل تھے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر پیر زادہ قاسم نے کہا کہ شگفتہ فرحت حوصلہ مند خاتون ہیں، ایک عرصہ سے بھوپال انٹرنیشنل فورم اور محبان بھوپال فورم کے تحت قابل قدر ادبی اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، اب تذکرہ شخصیات بھوپال کے مرتب کی ہے۔ جو محض کتاب نہیں تحقیقی دستاویز اور ایک معلوماتی جائزہ بھی ہے جو دیر تک اپنا اثر رکھنے والی کاوش ہے۔ ڈاکٹر یونس حسنی نے کہا کہ وہ جس قدر بھوپال سے محبت اور تعلق رکھتی ہیں اسی نے انہیں اس کاوش پر اکسایا اور وہ بہت کامیاب ہیں۔ ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر نے کہا کہ شگفتہ فرحت نے تذکرہ شخصیات بھوپال کو نہایت جامعیت اور مکمل انداز میں مرتب کر کے ایک دستاویز تیار کر دی ہے۔ تذکرہ شخصیات بھوپال کی مرتبہ شگفتہ فرحت نے اس موقع پر مہمان اعزازی کی حیثیت سے کہا کہ بھوپال انٹرنیشنل فورم اور محبان بھوپال کے قیام کے بعد ہم نے محسوس کیا کہ بھوپال کی ان ممتاز اور اہم شخصیات کے کارہائے نمایاں بھی محفوظ کریں جس پر کتاب کے لئے کام کا آغاز کیا گیا ہے بہت وقت اور محنت کی لیکن ایک اچھی چیز تیار کر لی گئی اور اب تذکرہ شعراء بھوپال پر کام ہو رہا ہے۔ میزبان سینئر براڈ کاسٹر یاور مہدی نے کہا کہ شخصیات بھوپال جیسی کوئی دوسری کتاب میری نظر سے ابھی تک نہیں گزری تھی، شگفتہ فرحت اور اویس ادیب انصاری نے بلا مبالغہ مشترکہ طور پر ایک تاریخ ساز کام کیا ہے۔ اس موقع پر ان کی جانب سے مرتب شگفتہ فرحت کو ایک یادگاری سوونیئر بھی پیش کیا اور مہمانوں کی جانب سے پھول گلدستے تحائف عبدالباسط، شائستہ فرحت، فوزیہ جاوید، زیڈ ایچ خرم اور جامی اصفہانی، لُبنیٰ فرحت، زاہد جعفری، جاوید و دیگر نے پیش کئے۔