پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے بیٹوں کا نام تو درست ڈالا گیا، جماعت اسلامی ہر طرح کی کرپشن کے خلاف ہے: سراج الحق

پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے بیٹوں کا نام تو درست ڈالا گیا، جماعت اسلامی ہر ...
پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے بیٹوں کا نام تو درست ڈالا گیا، جماعت اسلامی ہر طرح کی کرپشن کے خلاف ہے: سراج الحق

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام غلطی سے ڈالا گیا مگر ان کے بیٹوں کے نام تو صحیح ہیں۔ قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے اشتہارات شائع کرنا بھی ایک کرپشن ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم نے تین بار قوم سے خطاب کیا، اگر وزیراعظم کا نام غلطی سے ڈالا گیا ہے تو ان کے بیٹوں کے نام تو صحیح ہیں۔ 9 مئی کو نئی فہرست بھی آنے والی ہے اور اب نئے نام بھی سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کی بات صرف پانامہ لیکس تک محدود ہے لیکن جماعت اسلامی اداروں میں موجود کرپشن سمیت، انتخابی، اخلاقی اور عدالتی کرپشن کے بھی خلاف ہے اور یقین ہے کہ پاکستان کی کرپشن کے خلاف تحریک ضرور رنگ لائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف تحقیقات کے حوالے سے جماعت اسلامی نے خود ٹی او آرز تیار کئے ہیں جنہیں عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کے اشتہارات جاری کئے جا رہے ہیں اور یہ ایک اور کرپشن ہے،وزیراعظم بتائیں کہ ان اشتہارات پر کتنا خرچ آیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یکم مئی کا دن بھٹہ مزدوروں کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان سے سٹیٹس کو کو ختم کیا جانا چاہئے کیونکہ اس کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

مزید :

لاہور -اہم خبریں -