ہرتیک روشن اور کنگنا رناوت کی نئی تصویریں منظر عام پر آگئیں
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ سٹار ہرتیک روشن اور اداکارہ کنگنا رناوت کی مزید تصویریں منظر عام پر آگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہرتیک اور کنگنا کی منظر عام پر آنے والی حالیہ تصویریں بالی ووڈ اداکار ارجن رامپال کے گھر پر ایک پارٹی کے دوران 2010 میں بنائی گئی تھیں۔ پارٹی کی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہرتیک روشن اور ان کی سابقہ اہلیہ سوزانے خان، کنگنا رناوت، نندیتا مہتانی ، دینو موریا،ارجن رامپال اور ان کی اہلیہ مہر جیسیا پارٹی میں موجود ہیں لیکن پارٹی کی تصاویر میں سب سے زیادہ توجہ اس تصویر نے حاصل کی جس میں ہرتیک روشن اداکارہ کنگنا کے ساتھ محبت بھرے انداز میں بغل گیر ہوکر کھڑے ہیں۔
تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد ہرتیک روشن کی قانونی ٹیم نے انہیں جعلی قرار دیا ہے جبکہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ ہرتیک روشن ان کے بوائے فرینڈ تھے اور مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ ہمیشہ ہی سابقہ محبوب ایسی گھٹیا حرکتیں کیوں کرتے ہیں۔
دوسری طرف ہرتیک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزانے خان بھی میدان میں آگئیں اور انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ منظر عام پر آنے والی تصویریں جعلی ہیں اور اس معاملے میں وہ ہرتیک روشن کی حمایت کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ سٹار ہرتیک روشن اور اداکارہ کنگنا رناوت کے معاشقے کی خبریں کافی عرصہ سے گرم ہیں اور دونوں طرف سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے جارہے ہیں جبکہ مبینہ طور پر اسی معاشقے کی وجہ سے ہرتیک روشن کی اپنی اہلیہ سوزانے خان سے بھی علیحدگی ہوئی ہے۔