سکول کیلئے جانے والی لڑکی بچوں کیساتھ کھیلتے کھیلتے روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئی
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)روس میں عوامی سلامتی سے متعلق ایک تازہ مثال نے حکام کی آنکھیں کھول دی ہیں۔ ایک دس سالہ لڑکی صبح گھر سے سکول کے لیے نکلی اور بغیر کسی ٹکٹ یا شناختی دستاویزات کے بذریعہ ہوائی جہاز ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئی۔
جرمن میڈیا نے امریکی خبررساں اداروں کی رپورٹوں کے حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ روسی ٹرانسپورٹ پولیس نے بتایا کہ اس واقعے میں ایک کم سن بچی بغیر کسی ہوائی ٹکٹ یا شناختی دستاویزات کے ملکی دارالحکومت ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق روسی ٹرانسپورٹ پولیس نے اس واقعے کی تصدیق کر دی، اس واقعہ نے روسی ہوائی اڈوں پر سلامتی کے عمومی انتظامات کے بارے میں نئے اور پریشان کن سوال پیدا کر دیئے ہیں۔حکام نے اس دس سالہ روسی بچی کا نام نہیں بتایا لیکن یہ تصدیق کر دی کہ یہ طالبہ منگل 26 اپریل کی صبح اپنے گھر سے سکول جانے کے لیے روانہ ہوئی تھی اور پھر سہ پہر تک واپس گھر نہ لوٹی۔
ادھر سینٹ پیٹرزبرگ کی شہری انتظامیہ کے ایک اہلکار الیگزینڈر ڑاننکوف نے روسی خبر رساں اداروں کو بتایا کہ یہ طالبہ اپنے گھر سے ماسکو کے وَن±وکووو ہوائی اڈے پر گئی، جہاں وہ مسافروں کے ایک ایسے ہجوم میں گھل مل گئی، جو سینٹ پیٹرزبرگ جانے والی ایک مسافر پرواز میں سوار ہو رہا تھا۔حکام کے مطابق یہ لڑکی مسافروں میں شامل ایک ایسے خاندان کے ارکان کے ساتھ مل کر طیارے میں سوار ہونے میں کامیاب ہو گئی، جن میں سے کئی کم عمر بچے تھے جن کے ساتھ کھیلتے کھیلتے یہ اتنا دور پہنچ گئی۔ یہ کم سن مسافر پولیس کے ہاتھ اس وقت لگی جب وہ سینٹ پیٹرزبرگ میں اترنے کے بعد ہوائی اڈے پر اکیلی ادھر ادھر گھوم پھر رہی تھی۔
روس میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے نگران محستب اعلیٰ پاویل استاخوف نے اس واقعے کے بارے میں کہا، اس بچی کا یہ ہوائی سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ روسی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کی صورت حال تشویش ناک حد تک ناقص ہے۔
حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اس لڑکی کو سینٹ پیٹرزبرگ سے واپس ماسکو کب اور کیسے پہنچایا گیا۔