ملزم حیات نے بہن کو ایک لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا : ابتدائی تفیش میں انکشاف
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) اورنگی ٹاون کے علاقے مومن آباد میں اپنی جواں سال بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنی بہن کو ایک لاکھ روپے کے عوض بیچا تھا اور وہ خریدار کے ساتھ رہنے سے انکار کررہی تھی جس پر اسے قتل کیا۔
نجی ٹی وی اے آروائی نیوز کے مطابق مومون آباد میں حیات نامی ملزم نے اپنی 17 سالہ بہن سمیرا کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جبکہ اس کے والد نے اسے معاف کرتے ہوئے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے کر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ بدھ کو پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کرکے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ۔
بہن ڈیڑھ گھنٹہ سڑک پر تڑپتی رہی ، بھائی موبائل پر گیم کھیلتا رہا، اہل علاقہ ویڈیو بناتے رہے، انتہائی دلخراش واقعہ کی تفصیلات جانیے
ریمانڈ کے دوران تھوڑی ہی دیر کی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم حیات نے اپنی چھوٹی بہن کو ایک شخص کے ہاتھوں ایک لاکھ روپے میں فروخت کیا اور جس شخص نے سمیرا کو خریدا وہ اس کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی تھی جس پر ملزم نے اپنی ہی بہن کو غیرت کا نام دے کر قتل کردیا۔
ملزم سے ابتدائی تفتیش کے بعد دیگر پہلووں پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔