پنجاب کے بجٹ کاڈرافٹ تیار ، ترقیاتی کاموں کیلئے 450 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے مالی سال 2016-17 کے بجٹ کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے اور گورنر پنجاب نے 6 مئی کو اس حوالے سے اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق آئندہ مالی سال میں پنجاب میں تعلیم ، صحت اور ترقیاتی کاموں کا بجٹ بڑھانے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 450 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ سڑکوں کی تعمیرات کیلئے 70 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں بجٹ 2016-17 میں تعلیم کیلئے 42 ارب ، صحت کیلئے 26 اور وزیر اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز کی مد میں 30 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ کیلئے تجویز پیش کی گئی ہے کہ طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کیلئے 6 ارب، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے 6 ارب ، خستہ حال سکولوں کی تعمیر نو کیلئے 9ارب روپے مختص کیے جائیں۔ گورنر پنجاب نے بجٹ کے حوالے سے 6 مئی کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔