’عوام پر اربوں روپے قربان‘، وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

’عوام پر اربوں روپے قربان‘، وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ...
’عوام پر اربوں روپے قربان‘، وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مانسہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ عوام پر اربوں روپے قربان کرنے کو تیار ہیں کیونکہ ہم صرف اور صرف عوام کی بھلائی سوچتے ہیں۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی تھی جسے مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4.41 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی تھی۔ اس سمری میں پٹرول 3 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4.41 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.16 روپے ، ہائی آکٹین کی قیمت میں 3.25 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس پر اوگرا نے انہیں بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی ہے لیکن اضافہ کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں اتنے ارب اڑائے ہیں وہاں آٹھ ارب روپے اور سہی کیونکہ ہم عوام پر اربوں روپے قربان کر سکتے ہیں۔ آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا کیونکہ ہم صرف اور صرف عوام کی بہتری کے بارے میں سوچتے ہیں۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -