الخدمت فاؤنڈیشن نے تھرپارکر میں 50بستروں کا ہسپتال قائم کر دیا

الخدمت فاؤنڈیشن نے تھرپارکر میں 50بستروں کا ہسپتال قائم کر دیا

لاہور (پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے ہیلتھ پروگرام کے تحت سندھ کے ضلع تھرپارکر کی تحصیل مٹھی میں اسلام کوٹ روڈ،بائی پاس پر 50بستروں کے الخدمت تھرپارکرہسپتال کا افتتاح کردیا گیا۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر سراج الحق تھے۔اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور،اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اعجاز اللہ خان سمیت دیگر الخدمت ذمہ داران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔سراج الحق نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بااعتماد فلاحی ادارہ ہے جو کہ خالصتاََ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے بتایاکہ الخدمت تھرپارکرہسپتال کا قیام مٹھی جیسے پسماندہ علاقے میں صحت عامہ کی مفت اورمعیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

50بستروں پر مشتمل الخدمت تھرپارکر میڈیکل کمپلیکس 5کینال رقبے پر تعمیر کیا گیاہے جس میں آپریشن تھیٹر، لیبر روم، نرسری، جنرل اور پرائیویٹ وارڈز، مائنر ایمرجنسی، لیبارٹری، ای سی جی، الٹراساؤنڈ، ایکسرے، فارمیسی اور ایمبولینس سروس بالکل مفت مہیا کی جائے گی۔اس وقت الخدمت کے ہیلتھ پروگرام کے تحت ملک بھرمیں 20ہسپتال، 22زچہ و بچہ مراکز، 58ڈائیگناسٹک سنٹرز، 61ڈائیگناسٹک کولیکشن یونٹس، 81بنیادی مراکز صحت، 5بلڈ بینک اور 284ایمبولینسز خدمات سرانجام دے رہی ہیں جن سے اب تک تقریباََ 72لاکھ سے زائد افرادمستفید ہوچکے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1