سپورس رائونڈ اپ

سپورس رائونڈ اپ

37ویں نیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ29اپریل سے شروع ہوگی

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 37ویں نیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ29اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر)ناصر ٹنگ کے مطابق 3مئی تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جانیوالی پانچ روزہ چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیمپیئن شپ میں پاکستان آرمی اپنے اعزاز کا دفاع کرئے گی جبکہ پانچ روزہ چیمپیئن شپ میں 10ویٹ کیٹگریز کے مقابلے ہونگے۔کرنل (ر)ناصر ٹنگ کے مطابق اینوٹ میں پنجاب، سندھ، بلوچستا ن، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، آزاد کشمیر، پاکستان آرمی، نیوی، ائیر فورس، کے الیکٹرک، پولیس،واپڈا، کے پی ٹی اور ریلویز کی ٹیموں کے باکسرز ایکشن میں دکھائی دینگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل چیمپین شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے باکسرز کو رواں سال نیپال میں کھیلی جانیوالی سیف گیمز کے تربیتی کیمپ کیلئے شارٹ لسٹ کیا جائیگا۔

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ، قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ 5مئی سے شروع ہوگا

فٹ بال کے میگا ایونٹ ورلڈکپ 2022 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے قومی فٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کا اعلان کردیاگیا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے ملک بھر سے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 مئی سے 3 جون تک جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں لگایا جائے گا۔تربیتی کیمپ میں مدعو کئے گئے کھلاڑیوں میں 4 گول کیپر ثاقب حنیف، احسان اللہ، تنویر ممتاز، محمد فہیم سمیت محمد عمر حیات، ارسلان علی، نوید احمد، مہدی حسن، علی خان نیازی، محمد شاہد، وسیم اسغر، محمد بلال، عمیر علی، محمودخان، صدام حسین، زین العابدین، رجب علی، زید عمر، علی عزیر، حبیب الرحمن، محمد ریاض، اظہاراللہ، رازق، منصور، یوسف احمد، احمد فہیم، محمد نعیم، شہزاد، افتخار اور سہیل شامل ہیں۔

اعصام الحق ہنگرین اوپن ٹینس مینز ڈبلز، ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی ہنگرین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ہنگری میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز پہلے راؤنڈ میچ میں برازیل کے مرسیلو ڈیمولائنر اور ان کے بھارتی جوڑی دار دیوج شران نے اعصام الحق اور ان کے سویڈش جوڑی دار روبرٹ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 6-3، 3-6 اور 11-9 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

انٹرنیشنل فٹبالر کی لیاری آمد، ننھے فٹبالرز کی صلاحیتیں دیکھ کر حیران

فٹبال کی دنیا کے نامور کھلاڑی آئن جے رش نے شہر قائد کے علاقے لیاری کا دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں کی صلاحیتوں کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔تفصیلات کے مطابق لیور پول کلب کے سابق فٹبالر آئن جے رش نے لیاری کے فٹبال گرانڈ کا دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ برطانوی باکسر آر اے اپینس فئیرون بھی موجود تھے۔لیورپول کیسابق فٹبالرآئن جے رش نیلیاری میں بچوں کو کھیل کے حوالے سے مفید مشورے دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پاکستان آیا ہوں، یہاں فٹبال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیاری آنابہت اچھالگا،شانداراستقبال پرمشکورہوں، چھوٹے بچوں کا جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، یہاں کے بچوں میں موجود ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے جس کے لیے اچھے کوچز کی خدمات لینا ضروری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لیاری کے علاقے میں فٹبال کا بہت زیادہ جوش و خروش موجود ہے، اچھے کوچز اور تھوڑی سی توجہ دی جائے تو گلی محلوں میں کھیلنے والے بچے فٹبال کی دنیا میں پاکستان کی پہچان بنا سکتے ہیں۔

کرکٹر آصف علی کی بیٹی علاج کیلئے امریکہ روانہ ہو گئی

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی بیٹی کو کینسر کے علاج کے لیے امریکہ بھیج دیا گیا ہے جب کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی دورہ انگلینڈ اور کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ان کی ننھی پری کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کرے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی کینسر کے لیول فور سے گزررہی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نے امریکی سفارتخانے کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے ان کی بیٹی کے مرض کو مد نظررکھتے ہوئے صرف ایک گھنٹے میں ویزہ جاری کیا۔کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور بھائی امریکہ گئے ہیں۔

اسنوکر کھلاڑی حمزہ اکبر کی عوام سے مالی مدد کی اپیل

پروفیشنل اسنوکر کھلاڑی حمزہ اکبر نے کیرئیر جاری رکھنے کیلئے عوام سے مالی مدد کی اپیل کردی۔سابق قومی اور ایشین چمپئن حمزہ اکبر گزشتہ چار سال سے پروفیشنل اسنوکر سرکٹ میں شرکت کیلئے برطانیہ میں مقیم ہیں، تاہم مالی معاملات کی وجہ سے ان کا کیرئیر اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔حمزہ نے بتایا کہ کہ انہیں 18 مئی سے شروع ہونے والے کیو اسکول ٹورنامنٹ کیلئے ایک ہزار پاونڈز درکار ہیں لیکن کہیں سے اسپانسر نہیں ملا جسکے بعد انہوں نے فنڈز جمع کرنے کیلئے ویب سائٹ بنادی ہے۔حمزہ اکبر نے 2015 میں بھارتی کیوسٹ کو شکست دے کر ایشین چمپئن شپ جیتی تھی جس کے بعد انہوں نے پروفیشنل سرکٹ میں شمولیت اختیار کی۔پاکستانی کیوئسٹ نے پرو سرکٹ میں نمایاں پرفارمنس بھی دی مگر فنڈز میں عدم تسلسل کی وجہ سے وہ تمام ٹورنامنٹس میں شریک نہ ہوسکے جس کی وجہ سے ان کی رینکنگ بھی متاثر ہوئی لیکن اب انہیں سرکٹ میں رہنے کیلئے ٹورنامنٹس میں بلاتعطل شرکت لازمی ہوگئی ہے۔

کرکٹ کی پہلی انٹرنیشنل ٹی 20 چیمپئنز سپر لیگ آج شروع

ملائشیا میں کرکٹ کی پہلی انٹرنیشنل ٹی 20 چیمپئنز سپر لیگ 27 اپریل سے کوالالمپور میں شروع ہو رہی ہے یہ سپرلیگ 4 مئی تک جاری رہے گی۔ اس سپر لیگ کا اہتمام ایس اے ایس سپورٹس ایونٹ مینجمنٹ دوہا قطر نے کیا ہے۔ ایس اے ایس سپورٹس ایونٹ مینجمنٹ کے گروپ چیئرمین سید علی زیدی ہیں جبکہ نواف محمد گلف ریجن کے ڈائریکٹر اوورسیز، محسن علی رانا ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز پاکستان، نعمان گل ڈائریکٹر آپریشنز اور شمس الدْہا کنٹری منیجر ملائشیا ہیں۔ محسن علی رانا نے بتایا کہ یہ رنگا رنگ میلہ ملائیشیا میں ایک نیا آغاز ہو گا جس کے ذریعے نہ صرف کرکٹ کے فروغ ملے گا بلکہ مختلف ملکوں کے مابین ثقافتی و تجارتی فروغ کا باعث بھی بنے گا۔سپر لیگ کے منظم ادارے ایس اے ایس سپورٹس ایونٹ مینجمنٹ دوحہ قطر کے عہدیداروں نے کہا کہ ہمارا ادارہ اس حوالے سے معروف ادارہ ہے جو قطر اور دیگر عرب ممالک کے علاوہ دنیا بھر میں کھیل و ثقافت اور تفریحی پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے۔گروپ چیئرمین سید علی زیدی اور ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز پاکستان محسن علی رانا نے بتایا کہ سپر لیگ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے نامور کرکٹ کھلاڑیوں پر مشتمل پانچ ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو سپر لیگ میں سڈنی سٹارز،ڈربن ریسرز،رائڈرز،آکلینڈ اور لندن نائٹس کے نام سے حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لیگ کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے شو بز سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی کوالالمپور پہنچ رہی ہیں۔انہوں نے مزید بیایا کہ ادارے کا مقصد دنیا میں کھیل کے ذریعے پیار اور محبت کا پیغام پھیلانا ہے کیونکہ دنیا میں دکھ بانٹنے والے تو بہت ہیں مگر امن پیار اور محبت بانٹنے والے بہت کم ہیں اس لئے ہم نے دوسرا راستہ اختیار کیا ہے۔محسن رانا،رانا حیدر کا پس منظر چونکہ فلمی دنیا سے بھی ہے اس لحاظ سے فنکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی ٹورنامنٹ دیکھنے ملائشیا جائے گی۔

مزید : ایڈیشن 1