انسداد پولیو مہم میں سوات کے ارکان اسمبلی کی شرکت کا آغاز

انسداد پولیو مہم میں سوات کے ارکان اسمبلی کی شرکت کا آغاز

پشاور(سٹاف رپورٹر) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے حلقہ پی کے 5 میں جاری پولیو مہم میں براہ راست حصہ لیکر سوات میں ارکان اسمبلی کی انسداد پولیو کی قومی مہم میں شرکت کا آغاز کیا ہے انہوں نے پولیو کے قطرے پلانے والی محکمہ صحت کی ٹیم کے ساتھ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔اس موقع پر فضل حکیم خان نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں یہ نہ صرف ان کی قومی ذمہ داری ہے بلکہ بچوں کا بنیادی حق بھی ہے تاکہ وہ ساری عمر کی معذوری سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو انسان کا قائل مرض ہے اور بدقسمتی سے ایک طرف پاکستان اسکی لپیٹ میں آکر قوم کیلئے ایک بڑا چیلنج اور کلنک کا ٹیکہ بن گیا ہے تو دوسری طرف پاکستانی عوام پر دنیا بھر میں پابندیاں لگانے کا سوچا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انسداد پولیو کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہمیں پولیو فری پاکستان کیلئے مشنری جذبے سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز گھر گھر جاکر لوگوں کے بچوں کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے اور انہیں ساری عمر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطر ے پلانے میں مصروف ہیں اسلئے عوام کو ان ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلانا چاہئے۔ فضل حکیم خان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اس بارے میں پروپیگنڈا کا شکار نہ ہوں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ٹیسٹ شدہ اور معیاری ہیں اور ان سے بچوں کی جان یا صحت کو معمولی خطرہ بھی لاحق نہیں بلکہ یہ چند قطرے انکے شاندار مستقبل کا ضامن ہیں اسلئے عوام ملک و قوم دشمن عناصر کے منفی پروپیگنڈے اور افواہوں میں آئیں اور نہ ہی اپنے پھول بچوں کا مستقبل داؤ پر لگائیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر