ڈیرہ میں لشمینیا مرض کے 200 کیسز سامنے آگئے
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)”لشمینیا“ کے ایف آردرازندہ کے علاقہ سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں 200کیسزسامنے آگئے‘مریضوں کے لیے محکمہ صحت کی طرف سے ناکافی انتظامات‘متاثرہ خاندانوں کا خیبرپختونخواحکومت سے فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کامطالبہ۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیگراضلاع کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ”لشمینیا“ کے مرض میں مبتلامریضوں کی تعداد میں روزبروزاضافہ ہونے لگا۔ اب تک کے سروے کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں لشمینیاکے 200کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے صرف 120کیسزایف آردرازندہ کے علاقہ میں ہوئے ہیں۔ لشمینیاکاعلاج مہنگاہونے کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ محکمہ صحت کی طرف سے خاطرخواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔عوامی سماجی حلقوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے نئے ڈپٹی کمشنر محمدعمیر سے لشمینیاکے مرض میں مبتلامتاثرہ مریضوں کے فوری علاج کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔