آئندہ 3ماہ میں طور خم گیٹ 24گھنٹے کھول دیا جائیگا: تیمور سلیم جھگڑا

آئندہ 3ماہ میں طور خم گیٹ 24گھنٹے کھول دیا جائیگا: تیمور سلیم جھگڑا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواحکومت ضلع خیبرسمیت ضم ہونے والے دیگر اضلاع کی ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ضلع خیبر کوخطے میں ایک تاریخی حیثیت حاصل رہی ہے اور مستقبل میں بھی افغانستان اور وسطی ایشیائی مملک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے یہ ضلع مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے اور اب یہ صوبے کا گیٹ وے بن گیا ہے۔طورخم بارڈر کو آمد و رفت کے لئے 24 گھنٹے کھولنے کے لئے صوبائی حکومت وفاقی حکومت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس سلسلے میں اگلے تین ماہ میں طورخم گیٹ کو عبوری طور پر لوگوں کی آمد ورفت اور تجارت کے لئے 24 گھنٹے کھول دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خیبر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر خزانہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فاٹا کے انضمام سے جہاں صوبے پر ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے وہاں یہ امربھی ؓانتہائی خوش آئند ہے کہ یہاں کے عوام کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے اور اب نہ صرف ان کے مسائل فوری طور پر حل ہو رہے ہیں بلکہ انہیں آگے بڑھنے کے بھی بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات منعقد کئے جائیں گے جس کے تحت یہاں کے لوگوں کو صوبائی اسمبلی سمیت بلدیاتی اداروں میں نہ صرف بھرپور نمائندگی حاصل ہوگی بلکہ ان کے مسائل بھی ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔تیمور سلیم نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام پاکستان کے دیگر لوگوں کی نسبت زیادہ محب وطن ہیں اور ملک اور صوبے کی ترقی کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں ضلع خیبر نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔قبل ازیں وزیر خزانہ نے ضلع خیبر کے دورے کے دوران ایشین ڈیویلپمنٹ بنک اور وفاقی حکومت کے تعاون سے36.69 ملین روپے کی لاگت سے تحصیل جمرود میں گودر خوڑ ایریگیشن سکیم اور بی ایچ یو علی مسجد کی آر ایچ سی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا،اس کے علاوہ انہوں نے پودا لگا کر ضلع خیبر میں شجرکاری مہم کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا اور لوگوں میں مفت پودے بھی تقسیم کئے،واضح رہے کہ شجرکاری مہم کے دوران پورے ضلع میں 5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع خیبرمحمود اسلم وزیر اور اسسٹنٹ کمشنرجمرود سلیم جان مروت کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔