مین ہولز پر لوہے کی ٹاکیوں کا معیار ٹیسٹ کرنے کی ہدایت: سید ظفر شاہ علی 

مین ہولز پر لوہے کی ٹاکیوں کا معیار ٹیسٹ کرنے کی ہدایت: سید ظفر شاہ علی 

پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) انتظامیہ نے زونل دفاتر اور پراجیکٹس ونگ کو ہدایت کی ہے کہ مین ہولز پر لوہے کی ٹاکیوں کا معیار ٹیسٹ کیا جائے مطلوبہ معیار پورا نہ کرنے پر ٹھیکہ منسوخ کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے جبکہ لواہے کی جگہ کنکریٹ کی ٹاکیاں لگائی جائیں تاکہ چوری کا تدارک کیا جاسکے، کہیں کھلا مین ہول سامنے آیا تو متعلقہ زونل منیجر کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ گاڑیوں کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے پٹرول کے اخراجات میں کمی لائی جائے۔ یہ ہدایات چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کی صدارت میں ڈبلیو ایس ایس پی انتظامی افسران کی اجلاس میں جاری کی گئیں جس میں صفائی، پانی صورتحال، جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انتظامی افسران کوروزانہ ایک یونین کونسل جاکر عملے کی حاضری اور کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ اگر کہیں سے گھوسٹ ملازم نکل آیا تو متعلقہ منیجر، میونسپل انسپکٹر اور سپروائزر کے خلاف کارروائی کی جائے گی دوران فرائض ملازمین کے یونیفارم اور حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شاہین مسلم ٹاؤن سے موذی وائرس کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اسے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے یونیسف کے تعاون سے خصوصی پراجیکٹ میں فرائض انجام دینے والے عملے کی کارکردگی کو سراہااور کہ عملے کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی حکومت کو اسے ایوارڈز دینے کی سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت جلد از جلد عملی اقدامات اٹھانے، نئے منصوبوں میں موجودہ اور آنے والے وقت کی ضروریات کے مطابق ہر پہلو بارے اقدامات شامل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ زونل دفاتر کے سٹرکچر پربھی  نظر ثانی کرتے ہوئے عملے کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے جہاں عملہ زیادہ ہو اسے دوسرے علاقے بھیجا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر