ورلڈ جونیئر سکواش چیمئن شپ کےلئے سخت محنت کر رہا ہوں: فرحان ہاشمی

ورلڈ جونیئر سکواش چیمئن شپ کےلئے سخت محنت کر رہا ہوں: فرحان ہاشمی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشین جونیئر سکواش چیمپئن محمد فرحان ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ ملائیشیا میں شیڈول ورلڈ جونیئر سکواش چیمئن شپ کےلئے سخت محنت کر رہے ہیں، ایشیا کے بعد ورلڈ جونیئر ٹائٹل جیتنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے،عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہدف ہے، جہانگیر خان جیسا نام پیدا کرنا چاہتا ہوں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو ہرانا بہترین لمحہ تھا، ملک کا نام روشن کرکے بہت خوشی ہوئی، ابھرتے ہوئے نوجوان پلیئر نے مزید کہا کہ وہ ملائیشیا میں ہونے والی ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کےلئے سخت محنت کر رہے ہیں، ایشیا کے بعد ورلڈ جونیئر ٹائٹل بھی اپنے نام کریں گے۔ فرحان ہاشمی نے کہا کہ وہ ہاشم خان، روشن خان، جہانگیر خان اور جان شیر خان جیسا نام پیدا کرنا چاہتے ہیں، اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کا ہدف ہے، انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت جونیئر پاکستان نمبر ون ہیں اور بہت جلد پاکستان نمبر ون کا اعزاز حاصل کر لیں گے،فرحان کا کہنا تھا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کی طرف سے انہیں بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔

 واضح رہے کہ 15 سالہ فرحان ہاشمی کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور اس وقت وہ نیشنل جونیئر چیمپئن ہیں، تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں فرحان ہاشمی نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی