عوامی خدمت کے بجائے خادم اعلٰی نے اپنی تشہیر پر توجہ مرکوز رکھی: عثمان بزدار

عوامی خدمت کے بجائے خادم اعلٰی نے اپنی تشہیر پر توجہ مرکوز رکھی: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملتان کے نشتر ہسپتال کا فیزII دس سال پہلے بن جانا چاہیے تھا لیکن ماضی میں اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں کی طرح ملتان میں بھی کئی بڑے ہسپتال بننے چاہئیں تھے لیکن نام کے خادم اعلیٰ عوام کی خدمت کی بجائے اپنی تشہیر پر زیادہ توجہ دیتے رہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں شجاع آباد روڈ پر نشتر II ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے تختی کی نقاب کشائی کی اوردعا مانگی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے نشترIIہسپتال کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نشتر ہسپتال فیز IIکی تعمیر کے منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں گے اوراس منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ میں خود کروں گااوراسے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت کا مشن لے کر اقتدار میں آئی ہے اورہم اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے فنڈز مختص کیے جارہے ہیں اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں آنے سے علاقے کی محرومیوں کا خا تمہ ہوگا۔بعدازاں ڈی جی خان میں غازی میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اگلے مالی سال سے پنجاب بھر کے میڈیکل کالجوں میں 100نشستیں بڑھانے اورڈیرہ غازی خان میں سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ200بستروں پرمشتمل ڈیر ہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کاالحاق راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیساتھ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے 4ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کااعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے غازی میڈیکل کالج میں آڈیٹوریم، گرلز ہاسٹل اورڈاکٹر ہاسٹل کی تعمیر کا اعلان کیااور کہا کہ غازی میڈیکل کالج کے طلبہ کے لئے بسیں بھی فراہم کریں گے تاکہ انہیں آمد و رفت میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ اپنے اگلے دورے کے دوران مظفرگڑھ ڈی جی خان روڈ کا افتتاح کروں گا۔رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا۔کانووکیشن سے پرنسپل غازی میڈیکل کالج اورصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب بھی کیا۔وفاقی وزیرمملکت زرتاج گل، مشیرصحت حنیف پتافی،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے سابق اورموجودہ پرنسپل کو شیلڈز بھی دیں۔پرنسپل غازی میڈیکل کالج کی طرف سے وزیراعلیٰ کو شیلڈ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان کے پہلے کانووکیشن میں شرکت سے قبل ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بحال کیا اوراس ضمن تختی کی نقاب کشائی کی۔وزیراعلیٰ نے ریڈیو پاکستان ملتان کے بلوچی پروگرام ”روش“ کابھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے بلوچی پروگرام ”روش“کیلئے بلوچی زبان میں پیغام ریکارڈ کرایا۔علاوہ ازیں لاہور میں میں اعلی سطحی  اجلاس سے  میں وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید موثر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو فیصلے ہوئے ہیں ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سردارعثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -