کراچی میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی پیشگوئی، ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی پیشگوئی، ہیٹ ویو الرٹ جاری

 کراچی(آئی این پی) محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے شہر قائد میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور گرد و نواح میں آئندہ ہفتے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے ۔ یکم سے 3 مئی تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں معطل رہیں گی، گرم و خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔جناح ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ سخت دھوپ کے دوران خصوصا دن 11 بجے سے شام 4 بجے کے دورانیے میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر ضروری کام سے نکلنا ہو تو سر پر گیلا تولیہ رکھ دیں، گرمی میں ہلکے کپڑوں کا استعمال کریں، جسم کو گیلا رکھیں اور حتی الامکان نہانے پر توجہ مرکوز رکھیں۔سیمی جمالی کے مطابق گرمی کے شکار مریضوں سے نمٹنے کے لیے تمام تر ہنگامی اقدامات کرلیے ہیں جن میں 50بستروں پر مشتمل ایک خصوصی وارڈ کا قیام بھی ہے جس میں ٹھنڈک کا غیر معمولی چلرسسٹم نصب ہے۔ یہ 50بستر شعبہ ایمرجنسی کے 150بیڈز کے علاوہ ہیں جبکہ پورے ہسپتال میں شدید گرمی کے دنوں میں منرل واٹر کا بھرپور انتظام ہے۔

ہیٹ ویو

مزید : صفحہ آخر