صدر پاکستان نے مجھ سے استعفیٰ نہیں مانگا ،مسلم لیگ (ق) کیساتھ کوئی اختلافات نہیں ،چودھری سرور

صدر پاکستان نے مجھ سے استعفیٰ نہیں مانگا ،مسلم لیگ (ق) کیساتھ کوئی اختلافات ...

  

اوکاڑہ/لاہور( بیورورپورٹ،نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ صدر پاکستان نے مجھ سے استعفیٰ نہیں مانگا ، مسلم لیگ(ق) سے اختلافات نہیں،بلاول بھٹو کو وزیراعظم عمران خان نے صاحبہ دانستہ نہیں بولا صرف زبان پھسلی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے طیب شہید سول لائن پولیس ،ٹکٹ ہولڈر سلیم صاد ق اور سابق صوبائی وزیر محمد اشرف سوہنا کی رہائش گاہوں پر اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچودھری سلیم صادق، چودھری عبداللہ طاہر،عبدالحمید جج،آر پی اوشارق کما ل صدیقی، کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ ۔ڈی پی او اطہر اسماعیل، اشرف خاںسوہنا ،سلیم صادق، اے سی اوکاڑہ عمر مقبول ، چودھری اظہر محمود ، راﺅ خالد مصطفی سمیت سینکڑوں پارٹی کارکن موجودتھے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف سب کوساتھ لے کر چلنے کے لئے تیارہے لیکن اپوزیشن کوثابت کرناہوگا کہ وہ سنجیدہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اوکاڑہ میںتحریک انصاف مضبوط ہورہی ہے اس کےلئے چودھر ی عبداللہ طاہر کاخصوصی طور پر مشکور ہوںجوکسی لالچ اور مفاد کے بغیرتحریک انصاف کےلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں انہوںنے کہاکہ پی پی اور ن لیگ نے پینے کے صاف پانی کےلئے کروڑوںروپے خرچ کئے لیکن اس کی حفاظت نہ کی جس کی وجہ سے کثیررقم ضائع ہوگئی ۔ قبل ازیں گور نر پنجاب کی دعوت پر آنیوالے امر یکی ڈاکٹر جیری لیچ اور امریکہ میں مقیم بزنس مین محمد عتیق کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پاکستان میں 12ملین ڈالرز کی لاگت سے جینٹک ٹیسٹنگ اور پلیٹ لیس ریچ پلازما ٹیکنالوجی لائی جا رہی ہے جنیٹک ٹیسٹنگ سے کینسر کی قبل از وقت تشخیص میں بھی مدد ملے گی اورمریض کو ادویات کے غلط اور بے جا استعمال سے بچایا جاسکے گا ، وفد سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ موجودہ حکومت غیر ملکی سر مایہ کو مکمل سکیورٹی اور سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی اور صحت کے شعبے میں اس نئی ٹیکنالوجی سے پاکستان میں عالمی معیار کی صحت کی سہولتیں ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور ہم نے اوورسیز پاکستانیوں اور عوام سے جو بھی وعدے کیے ہیں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ان وعدوں کو پورا کیا جائیگا۔

چودھری سرور

مزید :

صفحہ آخر -