قومی اسمبلی کی نشست پر میرے ساتھ دھوکا ہوا،چودھری نثار
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ اقتدار کی خواہش نہیں‘ اب روزہ رکھا ہوا ہے جب افطاری ہوگی تو خوب مزہ آئے گا۔ پنجاب اسمبلی میں حلف نہیں لوں گا میرے ساتھ قومی اسمبلی کی نشست پر دھوکا ہوا۔ حکومت کے پاس مہنگائی روکنے کا کوئی فارمولا نہیں ہے۔ حالات بدترین نظر آرہے ہیں رواں سال کے آخری تین ماہ میں خطرناک مہنگائی ہوگی طوفان سر پر ہے اور ہم بار بی کیو کی تیاری کررہے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہاکہ انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب بنائے جانے کے بارے میں جنہوں نے شوشہ چھوڑا ہے وہی لوگ اس کا جواب بھی دیں۔ تحریک انصاف اگر مقبول جماعت ہے تو انتخابات کروا کر دیکھ لے یا گزشتہ انتخابات کے نتائج سامنے لائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ ہفتے کے روز کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں پر تنقید کرتے تھے جب خود ریکارڈ قرضے لئے جس کے باعث حالات بدترین نظر آرہے ہیں۔ پہلے جو چیز سو ڈالر میں مل جاتی تھی اب ایک سو پچاس ڈالر میں بھی نہیں ملتی۔ حکومت کے پاس مہنگائی روکنے کا کوئی فارمولا نہیں ہے بڑی بیماری کا علاج ڈسپرین سے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ معاشی و سماجی حالات سنگین اور اسمبلی میں جھگڑا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی صورت بلدیاتی انتخابات نہیں کروا سکتی۔ انتظامی یونٹ کو مسخ کردیا گیا ہے ضلع کونسل کو تو بالکل غائب ہی کر دیا گیا ہے۔
چودھری نثار