تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی بھرتی میں مشکلات ہیں،سعید اعوان

تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی بھرتی میں مشکلات ہیں،سعید اعوان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی سیکریٹری صحت سعید اعوان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کو اپنے اسپتالوں کے لیے تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی بھرتی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے،موجودہ مالی وسائل میں رہتے ہوئے صرف حکومت عوام کی صحت کی سہولیات کی فراہمی ممکن نہیں بنا سکتی،صوبے کے تمام افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر اور این جی اوز کا تعاون نا گزیر ہے، غلطیاں ہر شعبے سے منسلک افراد سے ہوتی ہیں،ہمیں اپنے اداروں اور سسٹم کو مضبوط بنانا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک جی آئی اینڈ لیور ڈیزیز سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ دوسری سالانہ عالمی کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے معروف سرجن اور لیاقت نیشنل اسپتال کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی،آغا خان اسپتال کے پروفیسر وسیم جعفری، پی جی ایل ڈی ایس کے سرپرست ڈاکٹر شاہد احمد،صدر ڈاکٹر سجاد جمیل،نائب صدر ڈاکٹر لبنیٰ کمانی،ڈاکٹر نازش بٹ، ڈاکٹر امان اللہ عباسی،ڈاکٹر حفیظ اللہ سمیت ملکی و غیرملکی ماہرین نے خطاب کیا،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سیکریٹری صحت سعید اعوان کا کہنا تھا کہ ماہر اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے میں ناکامی کے باعث صوبائی حکومت کا پرائیویٹ سیکٹرز اور این جی اوز کے ساتھ تعاون بڑھا رہی ہے،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کراچی اور اندرو ن سندھ میں عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،پرائیویٹ سیکٹر کا صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں عوام کو بہت اہم کردار ہے،غلطیاں ہر شعبے کے افراد سے ہوتی ہیں، ہمیں اپنے سسٹم کو مضبوط کرنا ہوگاتاکہ غلطیوں کو کم سے کم کرکے انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے، سندھ میں صاف پانی کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے جس کی وجہ سے پیٹ اور جگر کے امراض پھیل رہے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طرح کی کانفرنسز کے ذریعے عوام میں آگاہی پھیلائی جائے

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -