واٹربورڈرمضان میں پانی فراہمی کے خصوصی اقدامات کرے،سعیدغنی

واٹربورڈرمضان میں پانی فراہمی کے خصوصی اقدامات کرے،سعیدغنی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیا ت سندھ وچیئرمین واٹربورڈ سعید غنی نے کہاہے کہ واٹربورڈرمضان المبارک میں شہرکو پانی کی فراہمی اور سیوریج کی نکاسی کیلئے خصوصی اقدامات کرے، بلاکسی امتیازتمام شہریوں کو لائنوں کے ذریعے پانی کی منصفانہ تقسیم وفراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے،ایم ڈی واٹربورڈنکاسی آب کی شکایات کے فوری خاتمہ کیلئے واٹربورڈ میں 300سے 350ہیلتھ ورکز کی کنٹرکٹ کی بنیاد پررمضان سے قبل بھرتی ممکن بنائیں، نکاسی آب کے نظام میں رخنے ڈال کر شرپسندی کرنے اور شہر میں مسائل پیدا کرکے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے خواہاں عناصر کی کارروائیوں پر نظررکھی جائے،ایسی کسی بھی کارروائی کا نہ صرف تدارک کیا جائے بلکہ اس کی فوری اطلاع بھی کی جائے،نکاسی آب کے بڑے مسائل کی نشاندہی کی جائے اور ان کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات رمضان المبارک سے قبل مکمل کرلئے جائیں، صوبائی حکومت شہریوں کو فراہمی ونکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کرکے گی، اس ضمن میں واٹربورڈ کی بھرپور مدد کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز واٹربورڈکے اعلیٰ افسران اور انجینئرز ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرایم ڈی واٹر بورڈ انجنئیر اسد اللہ خان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرفنانس وآرآر جی محمد ثاقب،ڈی ایم ڈی پلاننگ ایوب شیخ،چیف انجینئر بلک سلیم احمد، چیف انجینئر واٹراینڈ سیوریج غلام قادر عباس، واٹربورڈ کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئر ز او ر ایگزیکٹیوانجینئرز،چیئرمین و ایم ڈی واٹربورڈکے فوکل پرسن رحمت اللہ شیخ، اسٹاف آفیسر الٰہی بخش بھٹو، ٹی ایس او ایم ڈ ی موہن لعل بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے واٹربورڈ کے تمام چیف انجینئرز اور ضلعی،بلک ٹرانسمیشن،الیکٹریکل ومکینیکل سمیت تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹیوانجینئرز سے فرداً فرداًان کے مسائل معلوم کیئے اور ان کے حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر