وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار قبیلے کے 9 ویں سردار منتخب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ڈیرہ غازی خان میں بزدار قبیلے کا 9 واں سردار منتخب کر لیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ” پگھ بندی ‘ کی تقریب بزدار قبائل کے ہیڈ کواٹر تمن بزدار میں منعقد کی گئی جہاں انہیں اس اعزاز سے نوازا گیا ، تقریب میں بزدار قبیلے کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے والد اور بزدار قبیلے کے 8 ویں سردار محمد فتح خان تونسہ شریف میں یکم اپریل 2019 کو انتقال کر گئے تھے جن کے بعد اب یہ اعزاز ان کے صاحبزادے عثمان بزدار کے پاس چلا گیاہے ۔واضح رہے کہ بلوچ قبائل کی روایات کے مطابق انتقال کرنے والے سردار کے بڑے بیٹے کو سردار منتخب کیا جاتا ہے۔
یہاں یہ بات واضح رہے کہ اس تاریخی تقریب میں شرکت کے لیے سندھ اور بلوچستان میں مقیم بلوچ قبائل کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ یکم اپریل 2019 کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد خان بزدار حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔