سنگا کارا پاکستان کی 8سالہ سامعہ کی کرکٹ صلا حیتوں سے متاثر

سنگا کارا پاکستان کی 8سالہ سامعہ کی کرکٹ صلا حیتوں سے متاثر

  

  

 کولمبو(آئی این پی)سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا پاکستان کی 8 سالہ سامعہ افسر کی کرکٹ کی تکنیکی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہیں۔چند روز قبل ای ایس پی این کرک انفو کے ٹوئٹر پیج پر 8 سالہ پاکستانی سامعہ افسر کی بیٹنگ پریکٹس کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ان کی بیٹنگ کی بہترین صلاحیتوں کو سراہا گیا اور ان کے بیٹنگ اسٹائل کو کمار سنگاکارا سے تشبیہ دی گئی۔ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ کہیں سری لنکا کے سابق کپتان سنگاکارا اور بھارتی ویمن کرکٹر سمرتی مندھانا کے بعد 8 سالہ سامیعہ افسر تو نہیں۔ایسے میں کمارسنگاکارا سامعہ افسر کی سوشل میڈیا پربیٹنگ کرنے کی ویڈیو دیکھ کر تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔سنگاکارا نے کہا کہ ینگ ٹیلنٹ کی تکنیک مجھ سے بہت بہتر ہے، کرکٹ میں ایسا ٹیلنٹ دیکھنا بہت اچھی چیز ہے، اس عمر میں ایسا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، میرے خیال میں بیٹنگ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔واضح رہے کہ سامعہ افسر پہلی مرتبہ اپنے والد کے ہمراہ 2018 میں لاہور قلندرز کے پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام میں ٹرائیلز دینے پہنچی تھیں جنہوں نے ایک بہترین کرکٹر بننے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے سامعہ افسر کی ہر سطح پر معاونت اور رہنمائی کرنے کا اعلان کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -