ارطغرل غازی سیریزاسلامی تہذیب و تمدن اور ثقافت کی آئینہ دار

  ارطغرل غازی سیریزاسلامی تہذیب و تمدن اور ثقافت کی آئینہ دار

  

لاہور(خصوصی رپورٹ)سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر شیوخ الحدیث اور مفتیان کرام نے ترک سیریز ار طغر ل غازی کے بارے میں اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارطغرل غازی سیریزاسلامی تہذیب و تمدن اور ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ یہ سیریز نوجوانان ِ اسلام میں اسلام کی حقیقی روح اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس سیریز میں کسی شرعی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی بلکہ اس میں اسلام کے تصور معاشرت، جذبہ جہاد، تصور امن اور شوکت اسلام کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس سیریز کے ذریعے صوفیاء کرام کے امن و آشتی کے مشن کو اجاگر کیا گیا ہے، اس کیساتھ اللہ تعالی پر توکل اور اس کے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کو مسلمان کی زندگی کا اصل قرار دیا گیا ہے۔یہ سیریز اتحاد امت کے تصور کو اجاگر کرتی ہے۔اس میں مجاہدین اسلام کی کامیابیوں اور کامرانیوں کو بیان کیا گیا ہے کہ کس طر ح اللہ رب العزت نے چند ہزار مجاہدین کو لاکھوں کفار پر غلبہ عطا فرمایا۔ اس کے علاوہ مسلمانوں کیخلاف یہود و نصاریٰ کی سازشوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ ارطغرل غازی سیریز اسلام کی نشاۃ ثانیہ اور مسلمانوں کے اتحاد کا ذریعہ بنے گی۔

یہ تمام امور قرآن و حدیث کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہیں اورعین اسلام ہے۔ فتویٰ میں حسب ذیل قرآنی آیات سے استدلال کیا گیا ہے۔(۱)۔اے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! آپ مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی نعمتیں یاد دلائیں۔ (سورۃ ابراہیم: آیت۵) (۲)۔(اے مسلمانو) اپنے رب کی نعمت کا خوب چرچا کرو۔ (سورۃ الضحیٰ: آیت ۱۱)(۳)۔ بے شک مسلمانوں کے واقعات میں عقل والوں کیلئے عبرت کا سامان ہے۔ (سورۃ یوسف: آ یت ۱۱۱) (۴)۔ اے اہل ایمان! تم اپنے اوپرکی گئی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرو۔ (آلِ عمران:آیت۱۰۳) مفتیان کرام کے مطابق قرآن و حدیث کی رو سے ترک سیریز ارطغرل غازی کو دیکھنا شرعاً جائز ہے۔ فتویٰ جاری کرنیوالوں میں شیخ الحدیث محمد سعید قمر سیالوی، مفتی گلزار حمد نعیمی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد عمران انور نظامی، مفتی مشتاق احمد نوری، ڈاکٹر علامہ احمد رضا قادری، مفتی محمد اقبال قادری، ڈاکٹر شمس الرحمان شمس، علامہ ممتاز احمد ربانی، مفتی محبوب احمد شرقپوری،علامہ رحمت اللہ قادری،، مفتی محمد امان اللہ شاکر، مفتی محمد افضل نعیمی، علامہ ضیاء المصطفیٰ حقانی، علامہ محمد ارشد نعیمی، مفتی احمد سعید طفیل، علامہ راحت عطاری، مفتی محمد امین نقشبندی، مفتی محمد عارف سعیدی، مفتی محمد ندیم قمر، علامہ وزیر القادری، مفتی محمد عظیم حنفی، مفتی محمد اکبر ساقی، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی انوار احمد قادری، پروفیسرظفر اقبال نعیمی، مولانا محمد عابد علوی، علامہ برکات احمد صدیقی، مولانا احتشام حیدر رضوی،علامہ مختار احمد ندیم، علامہ محمد بلال طارق، مولانا عبدالستار قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی اور دیگر شامل ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -