کرونا وائرس کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نتیجہ ہے،قاری زوار بہادر

کرونا وائرس کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نتیجہ ہے،قاری زوار بہادر

  

لاہور(سٹی رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس وقت ایک کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے اس کے اثرات سے بچنے کے لئے دنیا کی تمام بڑی طاقتوں کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اور سر توڑ کوششوں کے باوجود اس کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ یہ سب کچھ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم پر اقوام عالم کی بے حسی کا نتیجہ ہے آج مظلوم کشمیریوں پر لاک ڈاؤن اور کرفیو کو 9ماہ ہونے کو ہیں مگر نام نہاد مسلم حکمرانوں سمیت اقوام عالم بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام9 ماہ سے مسلسل کرفیو میں ہیں اور جیل کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وہاں اشیائے خوردونوش اور خوراک اور ادویات کی قلت خوفناک صورت حال اختیار کرگئی ہے مگر اقوام عالم کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے۔

علامہ قاری محمد زوار بہادر کا کہنا تھا کہ دنیاکو کورونا کی ہلاکتوں اور لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے مظلوم کشمیریوں کالاک ڈاؤن ختم کروانا ہو گا۔اگرمظلوم کشمیریوں کو آزادی دلوادی جائے تو اللہ رب العزت کی بارگاہ سے امید ہے کہ پوری دنیا سے یہ عذاب ختم ہو سکتا ہے۔ اقوام عالم مظلوم کشمیری عوام کا لاک ڈاؤن ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مودی ہٹلر نے مقبوضہ کشمیر میں بچوں، بوڑھوں، خواتین اور عوام الناس کو گھروں میں بند کرکے لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی کی وجہ سے وہاں عوام موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -